• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترکیہ سے سرمایہ کاری و شراکت داری کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد ( نیوز رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ برادر ملک ترکیہ سے سرمایہ کاری اور شراکت داری کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں، پاکستان میں شہری ترقی کے شعبے میں سرمایہ کاری اور شراکت داری کی بڑی گنجائش ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ہفتہ کے روز استنبول گرینڈ ائیر پورٹ (آئی جی اے) کے وفد سےگفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وفد میں آئی جی اے بورڈ ممبر محمت کالیو نجو ، چیف ایئر پورٹ آپریٹنگ افسر اسماعیل پولات اور چیف کارپوریٹ افیئرز افسر ترگئے یمان شامل تھے۔ملاقات میں وفاقی وزیردفاع و ہوا بازی خواجہ آصف ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی شریک تھے ۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان تیزی سے معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے،پاکستان پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر انحصار بڑھا رہا ہے، ہم دنیا بھر کے کاروباری افراد اور سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم اسلام آباد، کراچی اور لاہور کے ہوائی اڈوں پر مسافروں کے لئے دستیاب سہولیات کو بڑھانے اور انہیں مزید بہتر کرنے کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں، پاکستان سب سے پہلے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے کچھ کمرشل آپریشنز کو آؤٹ سورس کرنے کی پیشکش کر رہا ہے،ائیر پورٹ آؤٹ سورسنگ کے تمام مراحل میں شفافیت ہماری اولین ترجیح ہو گی۔

ملک بھر سے سے مزید