راولپنڈی (این این آئی)راولپنڈی کے تھانہ ائیرپورٹ کے علاقے گلزار قائد نواز کالونی میں ایل پی جی سلنڈرز کے اسٹور میں خوفناک آتشزدگی ہوئی جس کے دوران سلنڈرز پے در پے دھماکوں سے پھٹتے رہے‘قریبی مسجد سے مدد کے لیے اعلان بھی کیے جاتے رہے، ایک شخص جھلس کر زخمی ہوا جبکہ تین منزلہ عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا اور دو موٹر سائیکلز بھی جل کر خاکستر ہوگئیں۔اطلاعات کے مطابق نواز کالونی میں رات گئے تین منزلہ عمارت کینچلی منزل پر قائم ایل پی جی گیس سلنڈرز کی ایجنسی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جو اس قدر شدید تھی کہ لمحوں میں اندر رکھے سلنڈرز کو لپیٹ میں لے لیا اور سلنڈرز وقفے وقفے سے زوردار دھماکوں سے پھٹنا شروع ہوگئے۔ ریسکیو 1122کے فائر فائٹرز نے آگ پر قابو پا کر اسے مزید پھیلنے سے روک دیا۔حکام کا کہنا تھا کہ واقعہ الیکٹرک شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔