• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیدرلینڈز میں پاکستانی سفیر سلجوق مستنصر کی بصری کہانی نگار جمی نیلسن سے ملاقات

نیدرلینڈز میں پاکستانی سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے دورہ پاکستان سے واپسی پر عالمی شہرت یافتہ بصری کہانی نگار جمی نیلسن سے ملاقات کی ہے۔

اس حوالے سے سفارت خانے کے ذرائع کے مطابق ایمسٹرڈیم میں مقیم عالمی شہرت یافتہ بصری کہانی نگار جمی نیلسن نے پاکستان کے شمالی علا قہ جات بشمول چترال کی وادی کیلاش اور بلتورو گلیشیئر کا سیاحتی دورہ کیا۔ یہ گلیشیر قطبی علاقوں اور دنیا کی دوسری بلند ترین پہاڑ کے ٹو کے قریب پائے جانے والے بڑے گلیشیرز میں سے ایک ہے۔

ذرائع کے مطابق سفارت خانہ پاکستان نیدرلینڈز نے پاکستانی حکام بشمول انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے باہمی اشتراک سے جمی نیلسن کے دورہ پاکستان کا انتظام کیا تھا۔

سفیر پاکستان سلجوق مستنصر تارڑ نے جمی نیلسن سے ایمسٹرڈیم میں ان کے اسٹوڈیو میں ملاقات کی جہاں جمی نیلسن نے اپنے دورہ کے متعلق اپنی یادوں کا تذکرہ کرتے ہوئے آئندہ پاکستان کے دیگر علاقوں کے سیاحتی دوروں کا بھی عزم ظاہر کیا۔

جمی نیلسن اپنے کیمرے کے لینز کے ذریعے مقامی ثقافتوں اور علاقائی زندگیوں کے سفر کو بیان کرنے میں مہارت رکھتے ہیں۔ 

انہوں نے فوٹوگرافی پر مبنی کہانیوں کی تین کتب مرتب کی ہیں جس میں 'بیفور دی پاس اووے' اور 'ہومیج ٹو ہیومینٹی' شامل ہیں۔ جمی نیلسن کا کام دنیا کے مختلف حصوں میں تصویری اور عمیق نمائشوں کے انعقاد کی وجہ سے مشہور ہے۔

جمی نیلسن پاکستان کو دنیا کے خوبصورت ترین مقامات میں شمار کرتے ہیں۔ اس سے قبل وہ اپنی اوائل عمری میں بھی پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں اور اس طرح پاکستان ان کی بطور نوجوان ایڈونچر اور فوٹوگرافی کی ابتدائی منازل میں سرِفہرست ہے۔

ملاقات میں سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے کہا کہ پاکستانی سفارت خانہ ملکی اداروں اور دیگر حکام کی مدد سے پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لئے کوشاں اور جمی نیلسن کے اگلے دورے کا منتظر بھی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید