صدر مملکت آصف علی زرداری نے عید الفطر کے موقع پر پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے پاکستان اور امت مسلمہ کو عید کی مبارکباد دی ہے۔
اپنے پیغام میں صدر پاکستان آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ دعا گو ہوں عید ڈھیروں برکتیں، خوشیاں، امن اور سلامتی لائے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ ہمیں رمضان کی سعادتیں اور خوشیاں نصیب ہوئیں۔
صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ عید الفطر دوسروں کے ساتھ خوشیاں بانٹنے اور ایثار و قربانی کا دن ہے۔ اخوت، رواداری سے سرشار ہو کر ایک متحد قوم بننے کی کوشش کریں۔
اس موقع پر انہوں نے مظلوم فلسطینیوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کےلیے پیغام ہے کہ پاکستان آپ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری غزہ میں فوری امن اور امداد کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ اسرائیلی مظالم اور نسل کشی انسانی حقوق کی سنگین ترین خلاف ورزی ہے۔
مقبوضہ کشمیر کے عوام کےلیے اپنے پیغام میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ خوشی کے اس موقع پر مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بھی نہیں بھولنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستان مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل تک کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
انکا کہنا تھا کہ پاکستان تنازعہ کشمیر کی کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل تک اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ اس مبارک دن پر ہر پاکستانی اور امت مسلمہ کی بھلائی اور خوشحالی کےلیے دعا گو ہوں۔