وزیراعظم شہباز شریف نے عیدالفطر کے موقع پر پیغام میں پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو دل کی گہرائیوں سے عید کی مبارکباد پیش کی ہے۔
ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ رمضان المبارک میں بے شمار برکتیں اور رحمتیں سمیٹنے کے بعد عید اللّٰہ تعالیٰ کا مومنین کیلئے تحفہ ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ عید ہمدردی اور بھائی چارے کیلئے اپنی رنجشیں بھلا کر اکٹھا ہونے کا نام ہے۔ عید معاشی طور پر کمزور بہن بھائیوں کو ان کی خوشیاں دوبالا کرنے میں مدد کرنے کا نام ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور ملکی معاشی حالات کے پیش نظر صاحبِ ثروت لوگ ضرورت مندوں کو اپنی خوشیوں میں شامل کریں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ عید پر مٹی کے اُن بیٹوں کو خراجِ عقیدت، جنہوں نے ملک کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ ان بہادر سپوتوں کو سلام جو اپنے پیاروں سے دور سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ وطن کے یہ بہادر بیٹے اور ان کے اہلِخانہ کیلئے مجھ سمیت پوری قوم کے احترام اور عقیدت کے جذبات ہیں۔
انہوں نے کہا پوری دنیا کے مسلمانوں سے اپیل کرتا ہوں نہتے فلسطینی اور کشمیری بہن بھائیوں کو بھی دعاؤں میں یاد رکھیں۔ اللّٰہ تعالیٰ ہمیں پوری دنیا میں امن و بھائی چارہ قائم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرنے کی توفیق دے۔