اسرائیل کے خلاف ممکنہ ایرانی حملے کے پیشِ نظر امریکا کے صدر جوبائیڈن نے اسرائیل کی غیر متزلزل حمایت کا اعلان کر دیا۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ اسرائیل کی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے، ایران اور اس کے پراکسیز کے خطرات کے خلاف اسرائیل کی سلامتی کے لیے ہمارا عزم غیرمتزلزل ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی قونصلیٹ پر حملے کے بعد سے علاقے میں امریکی اور اسرائیلی فورسز ہائی الرٹ ہیں۔
اس سے قبل گزشتہ روز ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای نے ایک مرتبہ پھر اسرائیل کو دھمکی دی تھی۔
آیت اللّٰہ خامنہ ای نے نمازِ عید پر خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ شیطانی حکومت اسرائیل نے ایرانی سفارت خانے پر حملہ کر کے غلطی کی۔
ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ اسرائیل کو سزا ضرور ملنی چاہیے اور ملے گی۔
واضح رہے کہ یکم اپریل کو شام کے دارالحکومت دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر اسرائیل کے فضائی حملے کے نتیجے میں 7 ایرانی فوجی افسر شہید ہو گئے تھے۔