وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ جب بھی پاکستان مشکل میں آیا سعودی عرب نے دل کھول کر ساتھ دیا، سعودی ولی عہد نے ہمارے دورے کے دوران وفد کی پذیرائی کی۔
سیرت نبویﷺ پر آگاہی کیلئے تعمیر ہونے والے سیرت میوزیم کے سنگ بنیاد کی تقریب اسلام آباد میں ہوئی، جس میں مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم آل عیسیٰ نے بھی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کےلیے سعودی عرب کی خصوصی توجہ قیمتی سرمایہ ہے، فیصل مسجد سے سیرت میوزیم تک سعودی عرب کی محبتوں کے نشانات دیکھے جا سکتے ہیں، سعودی ولی عہد نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا، سعودی حکومت پاکستان کیلئے بے پناہ محبت کے جذبات رکھتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بہت جلد اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان تشریف لا رہا ہے، سعودی ولی عہد نے کہا پاکستان ان کے دل کے قریب ہے، رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل کی گفتگو سے ہمیشہ پاکستان کیلئے محبت نظر آتی ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی کیلئے سعودی عرب مختلف شعبوں میں تعاون فراہم کر رہا ہے، سیرت میوزیم اسلاموفوبیا کے ناپاک پروپیگنڈے کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ گزشہ دہائی میں وسائل پر قبضے کی جنگ کی وجہ سے نظریاتی تصادم پیدا کیا گیا، اسلام اور مسلمانوں سے متعلق منفی اور گمراہ کن پروپیگنڈا کیا جاتا رہا ہے۔