• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھٹو شہادت کے 45 برس بعد بھی اپنی قبر سے حکومتیں بنا اور گرا رہے ہیں، بلاول


پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو شہادت کے 45 برس بعد بھی اپنی قبر سے حکومتیں بنا اور گرا رہے ہیں۔

گڑھی خدا بخش میں ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے واضح ہوگیا کہ ذوالفقار علی بھٹو سے ناانصافی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو ریفرنس پر سپریم کورٹ کا فیصلہ پیپلز پارٹی اور عوام کی کامیابی ہے، فیصلے سے واضح ہوگیا کہ قائد عوام کو فیئر ٹرائل نہیں ملا۔

پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ قائد عوام کے مخالف بھی کچھ سیاست دانوں نے 9 ستاروں والا پاکستان نیشنل الائنس (پی این اے) بنایا تھا، آج بھی کچھ ایسے سیاستدان ہیں، جو پی این اے پارٹ 2 لے کر آنا چاہتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ اب بھی وہ دھاندلی کا ڈھول بجا کر ملکی معیشت اور ملکی سلامتی کے خلاف سازش کر رہے ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کو میثاق مفاہمت پر بات کرنی چاہیے۔

بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو اپنی شہادت کے 45 سال بعد بھی اپنی قبر سے حکومتیں بنا اور گرا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 2 صوبوں میں جیالے وزیراعلیٰ ہیں، آصف زرداری دوسری بار صدر منتخب ہوئے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ جیالوں کے خون پسینے کی محنت کے نتیجے میں صوبائی حکومتیں سنبھال رہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم صدر زرداری سے بڑی امید رکھ کر بیٹھے ہیں، پچھلے دور میں صدر زرداری نے 1973 کا آئین بحال کیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید