• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کروڑوں روپے اوور بلنگ و غبن کا الزام، گیپکو کے 20 افسران گرفتار


کروڑوں روپے اوور بلنگ اور غبن کے الزام میں گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) کے 20 افسران کو گرفتار کرلیا گیا۔

گوجرانوالہ میں بجلی بلوں کی رقم قومی خزانے کی بجائے گیپکو افسران کی جیبوں میں جانے کا انکشاف ہوا، دوران تحقیقات شواہد سامنے آنے پر ایف آئی اے نے گیپکو کے 20 افسران کو گرفتار کر لیا۔

ایف آئی اے کے مطابق گرفتار افسران میں گیپکو کی ریونیو اور اکاؤنٹس برانچ کے افسران شامل ہیں۔ گرفتار افسران میں گریڈ 17 کے 9 اور گریڈ 16 کے 11 افسران شامل ہیں۔

گیپکو افسران کو انکوائری کیلئے تھانہ ایف آئی اے بلایا گیا تھا، دوران انکوائری شواہد سامنے آنے پر تمام افسران کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں 10 کروڑ 50 لاکھ روپے کی رقم سامنے آئی ہے۔ ملزمان صارفین کی طرف سے بجلی بلوں کی مد میں جمع کروائی گئی رقم کی خزانے میں جعلی انٹری کرتے اور اسے اپنی جیبوں میں ڈال لیتے تھے۔

واقعے کے خلاف گیپکو کی آفیسرز ایسوسی ایشن اور لیبر یونین نے مشترکہ احتجاج کیا۔

 گیپکو نے ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز کی بجلی کاٹ دی اور کہا کہ ایف آئی اے ایک کروڑ روپے کا نادہندہ ہے۔

دوسری جانب  لاہور میں 24 گھنٹوں میں بجلی چوری میں ملوث افراد کے خلاف 121 مقدمات درج کیے گئے ہیں، 10 کمرشل، 3 زرعی اور 258 ڈومیسٹک غیر قانونی کنکشن پکڑے گئے۔

 ملتان اور پشاور میں بھی بجلی چوروں اور اوور بلنگ کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

 وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملک بھر میں اووربلنگ میں ملوث عملے کے خلاف بلاامتیاز ایکشن لینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اووربلنگ عوام سے ظلم کے مترادف ہے، ملوث عملہ کسی رعایت کا مستحق نہیں۔

قومی خبریں سے مزید