مصطفیٰ کمال کی سربراہی میں ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے وفاقی وزیر احسن اقبال سے کراچی میں ملاقات کی۔
ترجمان کے مطابق وفد میں فاروق ستار، سید امین الحق، جاوید حنیف اور حفیظ الدین ایڈووکیٹ شامل تھے۔
وفد نے کے فور منصوبے کو مکمل کرنے اور پانی کی فراہمی کے مسئلے کی حل کی تجاویز پیش کیں۔
وفد کا موقف تھا کہ گرین لائن منصوبے پر جلد کام مکمل اور کے سی آر کے کام کا آغاز کیا جائے۔ انکے مطابق کراچی سب سے بڑا شہر ہے لیکن سفری سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔
انھوں نے کہا کہ شہر کیلئے بڑے اور چھوٹے ترقیاتی منصوبوں پر مشتمل طویل مدتی اسٹریٹجک ماسٹر پلان بنایا جانا چاہیے۔
ایم کیو ایم وفد نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت جن معاشی چیلنجز کا سامنا ہے ان سے کراچی کی مدد کے بغیر نمٹنا مشکل ہی نہیں ناممکن ہے۔