عبوری امیرِ جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر کا کہنا ہے کہ کراچی پر ڈکیتوں کا راج ہے، لاقانونیت ہے، ان حالات کی ذمے دار 16 سال سے سندھ پر پیپلز پارٹی کی حکومت اور پولیس ہے۔
کراچی میں عبوری امیرِ جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی آگے بڑھتا ہے تو پورا پاکستان آگے بڑھتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کراچی میں 2024ء میں اب تک 17 ہزار وارداتیں ہو چکی ہیں، 2022ء، 2023ء اور 2024ء میں 285 افراد قتل کیے گئے۔
عبوری امیرِ جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے کہا کہ وزیرِ داخلہ سندھ کہتے ہیں کہ جب کاروبارِ زندگی چلتا ہے تو اس طرح کے واقعات ہوتے ہیں، وزیرِ داخلہ صاحب اس شہر نے بہت لاشیں اٹھائی ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ کاروبارِ زندگی تب چلتا ہے جب امن ہو، ایک وزیر کراچی کا مقابلہ نیویارک سے کرتے ہیں۔
عبوری امیرِ جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر کا مزید کہنا ہے کہ آئی جی کہتے ہیں کہ اعداد و شمار کو بڑھا چڑھا کر بتایا جا رہا ہے۔
انہو نے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی میں جرائم کو روکنا ہو گا، جس کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پابند کرنا ہو گا۔