آسٹریلیا میں شک کی بنیاد پر بوائے فرینڈ کی جانب سے خاتون کو زنجیروں سے جکڑ کر رکھنے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق خاتون کی شناخت بروڈی میک گون کے نام سے ہوئی ہے، جو گزشتہ سال ستمبر سے 34 سالہ زین وڈورڈ کے ساتھ ریلیشن شپ میں تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ رواں برس دونوں کے درمیان کچھ معاملات پر اختلافات ہوئے تھے جس کے بعد ملزم نے خاتون کو بھاری زنجیروں میں جکڑ کر اسے رات میں بیڈ سے باندھ کر رکھنا شروع کردیا۔
تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ملزم نے خاتون کا فون بٹوا اور چابیاں بھی چھین کر اپنے قبضے میں لے لی تھیں، جس کی وجہ سے اس کا اپنے خاندان اور دوستوں سے رابطہ منقطع ہوگیا، خاتون کو صرف کھانے یا واش روم جانے کیلئے کھولا جاتا تھا، بعض اوقات یہ سہولت بھی نہیں دی جاتی تھی۔
خاتون منگل کے روز اپنے بوائے فرینڈ کے چنگل سے نکلنے میں کامیاب ہوئی، ملزم اسے اپنے ساتھ اے ٹی ایم میں لیکر گیا تھا، جہاں وہ موقع پاکر قریبی فارمیسی میں چھپ گئی اور ایک شخص سے مدد مانگی، جس کے بعد پولیس نے پہنچ کر اسے فوری طور پر ریسکیو کیا۔
پولیس نے خاتون کو اسپتال منتقل کیا، جہاں طبی معائنے میں اس کے جسم پر تشدد کے واضح نشانات، متعدد پسلیوں کی ہڈیاں ٹوٹنے اور ایک آنکھ کے حلقے کی ہڈی میں فریکچر کی تصدیق ہوئی۔
بعدازاں پولیس نے 24 گھنٹے میں ملزم کو گرفتار کرکے اس پر اغوا تشدد اور ہراساں کرنے سمیت متعدد مقدمات درج کردیے گئے۔