لاہور ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان خواتین کرکٹ ٹیمویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کے بعدٹی 20 سیریز کا بھی فاتحانہ آغاز نہیں کرسکی، جمعہ کو قذافی اسٹیڈیم میں پہلے میچ میں سنسنی خیز مقابلے میں اسے ایک رن سے شکست ہوئی۔ پاکستان کو آخری اوور میں 12 رنز درکار تھے ابتدائی پانچ گیندوں پر 10 رنز بن گئے لیکن آخری گیند پر دوسرا رن لینے کی کوشش میں طوبیٰ حسن رن آؤٹ ہوگئیں۔ ویسٹ انڈیز نے پہلے کھیلتے ہوئے نو وکٹ پر 122 رنز بنائے۔قیانا جوزف 34 اور اسٹیفنی ٹیلر 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ فاطمہ ثنا نے تین اور سعدیہ اقبال نے دو شکار کیے۔ ہوم سائیڈ جواب میں آٹھ وکٹ پر 121 رنز بناسکی۔ اننگز کے 18ویں اوور میں تین وکٹیں گریں۔ کرشما راماریک نے چار وکٹیں لیں۔ کپتان ندا ڈار 27، سدرہ امین 23 اور منیبہ علی 18 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔