وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی لانچنگ، گرفتاری، ضمانتیں یہ کہانی کہیں اور لکھی جا رہی ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی لاڈلے ہیں، ایک ماسٹر پلان کہیں بنایا گیا جس کے تحت اس کو چلایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی پرویز مشرف کے ریفرنڈم میں ڈکٹیٹر کو ووٹ کرتا ہے، لاہور میں جلسہ ہوا، بچہ بچہ جانتا ہے کہ لوگ کہاں سے گئے۔
شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ کل خیبر پختونخوا میں جو حرکت ہوئی وہ چھوٹی سوچ کی تھی، بانی پی ٹی آئی چھوٹی سوچ کا مالک ہے، انہوں نے لوگوں کو برداشت نہیں سکھائی، ہمیشہ عوام کو انتشار کی سیاست سکھائی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے لوگوں کو تقسیم، جھوٹ، پروپیگنڈا کی سیاست سکھائی، بری چیز کا نتیجہ برا ہی ہوتا ہے، کے پی حکومت کو کل کے اقدام پر معافی مانگنی چاہیے اور فیصلہ واپس لینا چاہیے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو پاکستان کو تباہ کرنے کے لیے لانچ کیا گیا، کیوں آصف زرداری کو 14 سال بغیر کسی جرم کے جیل میں بند رکھا گیا۔