راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) راولپنڈی میں دو پولیس مقابلوں میںڈولفن فورس اہلکار شہید ،2ملزم مارے گئے ۔ مری روڈ پر نامعلوم کارسواروں کی فائرنگ سے ڈولفن فورس کاایک جوان شہید ، ایک کانسٹیبل اور ایک راہ گیر زخمی ہوگئے،ملزمان گاڑی چھوڑ کر فرارہوگئے ۔ذرائع کے مطابق پیر کی رات 10بجے تھانہ کینٹ کے علاقہ ٹیکسلا سٹینڈکے قریب ڈولفن فورس کے جوانوں نے ایک مشکوک گاڑی کورکنے کا اشارہ کیا توکار سواروں نے گاڑی بھگادی جس پر ڈولفن فورس کے کانسٹیبل اسماعیل رؤف اور کانسٹیبل عاصم نے اپنے موٹرسائیکل پر ان کا تعاقب کیا،سفید رنگ کی کار مری روڈ پر قصرشیریں کے پاس پہنچی تو ڈولفن ٹیم نے انہیں آلیا۔اس دوران کارمیں سوار ملزموں نے فائرنگ کردی گولیاں لگنے سے کانسٹیبل اسماعیل رؤف شہید جب کہ کانسٹیبل عاصم اور ایک راہ گیر عبداللہ زخمی ہوگئے۔ذرائع کے مطابق کار میں سوار چار ملزمان بھابڑابازارمیں اپنی گاڑی چھوڑ نے کے بعددو موٹرسائیکل چھین کر فرارہوگئے۔ دریں اثناء تھانہ روات کے علاقہ میں مبینہ پولیس مقابلے میں 2ملزمان مارے گئے۔ ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق روات پولیس نے مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی، فائرنگ کے دوران 2 ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔ملزمان سے اسلحہ اور زیر استعمال موٹرسائیکل برآمد ہوا۔ ہلاک ملزمان کی شناخت کی جا رہی تھی۔ ترجمان نے ہمیشہ کی طرح وقوعہ کی جگہ اور وقت نہیں بتایااور نہ ہی رات گئے تک ہلاک ہونے والے ملزموں کی شناخت ظاہرکی گئی ۔