شیخوپورہ ( نمائندہ جنگ سے) شہر اور اسکے نواحی علاقوں میں ہونیوالی شدید بارش سے ضلع کچہری ، سول کوارٹر ز روڈ، ہاکی چوک روڈ،محلہ احمد پورہ، روشن پورہ، طارق روڈ، ڈیرہ خورشید، جنڈیالہ روڈ، بھکھی روڈ، محلہ غریب آباد، گلستان پارک، ہاؤسنگ کالونی، منیر پارک، بہاری کالونی سمیت درجنوں بستیاں زیر آب آگئیں، ڈسٹرکٹ عدلیہ نے ضلع حکومت سے ضلع کچہری میں سیوریج کا نظام ناکام ہونے کے ذمہ دار افسروں کے بارے میں رپورٹ طلب کرلی ہے ، بارش ہوتے ہی سول کوارٹر نمبرD22سمیت متعدد کوارٹروں کی چھتیں ٹپک پڑی جن کی مرمت کا کام کئی برس سے نہیں کروایا گیااس بستی میں سیوریج کا نظام بند ہو جانے کے باعث گندہ پانی بیٹھکوں اور بیڈ رومز تک پہنچ گیاجس پر مقامی لوگوں نے شدید احتجاج کیا ہے، بارش کے دوران متعدد فیڈروں سے بجلی کی فراہمی بند ہونے کے باعث شہر کی بیسیوں بستیوں میں کئی کئی گھنٹے تک بجلی کی فراہمی معطل رہی ۔