• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انٹرسٹی بس اڈے شہر سے باہر منتقل، دن میں ہیوی ٹریفک پر پابندی کا فیصلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) کراچی کی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ شہر کے مصروف علاقوں میں قائم انٹر سٹی بس اڈے ختم کرنے، شہرسے باہر انٹر سٹی بس ٹرمنلز قائم کرنے اور دن کے اوقات میں ہیوی ٹریفک کے شہر میں داخلے پر پابندی کے فیصلے پرسختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔کمشنرکراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت ان کے دفتر میں اعلی سطح کا اجلاس ہوا، جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ سندھ اسد ضامن، ڈی آئی جی ٹریفک کراچی، تمام ڈپٹی کمشنرز، محکمہ ایکسائز، ماس ٹرانزٹ اتھارٹی، ایس آئی ڈی سی ایل، ریڈ لائن اور یلو لائن کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر کے اندر مصروف علاقوں میں قائم بس اڈوں کے سبب شہریوں کو مشکلات اور ٹریفک دبائو کا سامنا ہے ، لہٰذا شہر کے اندر قائم انٹر سٹی بس اڈوں کو ختم کیا جائے گا اور ان کے لیے شہر کے باہر انٹر سٹی بس ٹرمنلز تعمیر کئے جائیں گے۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ شہر کے اندر ہیوی ٹریفک کے دن کے اوقات میں داخلے پر پابندی کو سختی سے نافذ کیا جائے گا۔اجلا س میں انٹر سٹی بس ٹرمنلز کے لیے مجوزہ منصوبوں پر عملدرآمد میں حائل تجاوزات سمیت دیگر رکاوٹوں کا جائزہ لیا گیا اور انہیں دور کر نے کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں شہر سے باہر سپر ہائی وے اور دیگر مختلف مقامات کی نشاندہی کی گئ۔ ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ ہیوی ٹریفک کو صبح 6 بجے سے رات 11بجے تک شہر کے اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں، اس پابندی پر موثر طور پر عملدرآمد کیا جا ئے گا، تاج کمپلیکس، قیوم آباد، کریم آباد، کینٹ اسٹیشن اور مختلف مقامات پر بس اڈوں کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر میں ٹریفک نظام کی بہتری کے لیے ٹریفک انجینئرنگ بیورو کو متحرک کیا جاے گا، ٹریفک سگنلز اور لین مارکنگ کی کمی دور کر نے کے لیے ٹریفک انجینئرنگ بیورو اور ٹریفک پولیس کو مل کر اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ٹریفک پولیس اپنے ٹریفک جرمانے کی آمدنی سے ٹریفک انجینئرنگ بیورو کو ٹریفک سگنلز روڈ، لین مارکنگ اور ٹریفک سائنز کے اخراجات پورے کر نے کے لیے فنڈ فراہم کرنے کے لیے حکومت کو تجویز دی گئی ہے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید