• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گنڈاپور ایسی حرکتیں کررہے ہیں کہ ان کی حکومت ختم کی جائے، گورنر کے پی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وزیراعلی کے پی علی امین گنڈاپور ایسی حرکتیں کر رہے ہیں کہ ان کی حکومت کو ختم کیا جائے۔

 علی امین سے درخواست کروں گا کہ وہ آئین پڑھ لیں،وہ وفاق پر چڑھائی کا بیان دیتے ہیں تو قانون حرکت میں آئے گا۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد پہلی بار کراچی پہنچے اور بانی پاکستان کے مزار پر حاضری دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر شہری آزاد ہے اور کوئی کسی کو کہیں آنے جانے سے نہیں روک سکتا، تاہم ملک میں آئین اور قانون موجود ہے۔ 

اگر وزیراعلی کے پی علی امین گنڈاپور وفاق پر چڑھائی کرنے کا بیان دیتے ہیں تو پھر قانون بھی حرکت میں آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی کے پی ایسی حرکتیں کر رہے ہیں کہ ان کی حکومت کو ختم کیا جائے۔ علی امین سے درخواست کروں گا کہ وہ آئین پڑھ لیں۔ 

انہوں نے بانی پی ٹی آئی کے قریبی ساتھیوں کو سائیڈ لائن کیا اور وہ کچھ چیزیں چھپانا چاہتے ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیراعلی کے پی کے بیان کی نفی کرتا ہوں۔ بڑی پوسٹ پر جب چھوٹے بندے کو بٹھایا جائے تو ایسا ہی ہوتا ہے۔ اپنی نالائقی اور کوتاہی کو چھپانے کے لیے ایسے بیانات نہیں دینے چاہئیں۔

اہم خبریں سے مزید