اسلام آباد(وقائع نگار)پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینزکے سیکریٹری جنرل اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے وزیراطلاعات پرویز رشید کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) اپنی شکست دیکھ کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے وفاقی وزراء کی طرف سے پاکستان پیپلزپارٹی پر لگائے جانے والے الزامات کو بے لغو اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزراء کی الزام تراشی الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ وفاقی حکومت کی آشیرباد سے آزاد کشمیر میں پی پی پی کے کارکنوں اور ہمدردوں پر حملے کئے جا رہے ہیں اور ان کی املاک کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ وفاقی وزیراطلاعات کی آزاد کشمیر حکومت پر الزام تراشی دراصل مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر بھارتی جارحیت پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہے۔ ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ آج پرویز رشید مقبوضہ کشمیر کے کشمیریوں پر ہونے والے مظالم پر بھارتی حکومت کے خلاف بولتے مگر وفاقی وزیر نے اپنی پریس کانفرنس میں کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کا سرسری ذکر کیا جو اس بات کی نشاندہی ہے کہ نواز حکومت بھارتی حکومت کیلئے نرم گوشہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت آزادکشمیر میں انتخابی عمل پر اثرانداز ہونے کی کوشش کر رہی ہے۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں شکست مسلم لیگ (ن) کا مقدر ہے۔