• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بار بار کہتے ہیں سیز فائر کریں، آگے بڑھیں، بیرسٹر گوہر

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میرسے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف مذاکرات کی حامی ہے، تصادم کے بجائے آگے بڑھنا چاہئے، ہم بار بار کہتے ہیں کہ سیز فائر کریں اور آگے بڑھیں، پی ٹی آئی کے ساتھ ان گنت زیادتیاں ہوئی ہیں، سب سے مقبول جماعت کو انتشاری ٹولہ کہنا ملک کی سب سے بڑی بدقسمتی ہے، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سوموٹو نوٹس کے اختیار نے ملک کا بیڑہ غرق کردیا ہے، سانحہ نو مئی کے ذمہ داروں کو سزا نہ ملنے کا ذمہ دار آئین اور نظام انصاف ہے، سپریم کورٹ اور ہائیکورٹس پارلیمنٹ کے بنائے قانون کو کالعدم قرار دے سکتی ہیں، اعلیٰ عدالتیں کسی عمل کو کسی بھی بنیاد پر اسٹے کرسکتی ہیں، مئی کے ملزمان کا ٹرائل آرمی ایکٹ کے تحت ہوتا تو 90دن میں فیصلے ہوجاتے۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ بات چیت کیلئے ایک کھڑکی کھلی رکھنی چاہئے، ہم چاہتے ہیں معاملات حل ہوں۔بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ تحریک انصاف اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان محاذ آرائی ضرورت سے زیادہ بڑھتی جارہی ہے، کوئی کوشش کررہا ہے حالات ٹھیک نہ ہوں اور معاملہ محاذ آرائی کی طرف چلا جائے، یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ شہداء اور فوج ہمارے نہیں ہیں، فوج کے شہداء ہمارے شہداء ہیں، شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی بانی پی ٹی آئی نے مذمت کی، نو مئی کی جتنی مذمت پاکستان تحریک انصاف نے کی شاید کسی نے کی ہو، عمران خان بارہا کہہ چکے ہیں ملک بھی ہمارا فوج بھی ہماری ہے، عمران خان نے گیارہ مئی کوسپریم کورٹ میں ہی اس کی مذمت کردی تھی۔ بیرسٹر گوہر خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا مطالبہ ہے نو مئی پر انکوائری کمیشن بنایا جائے، یہ درست نہیں آپ خود جج بن کر پوری پارٹی کو ڈس مینٹل کردیں، یہ تاثر دیا گیا کہ ہم انتشاری ٹولہ ہے، ہمیں اس پر سخت اعتراض ہے ان الفاظ پر معافی مانگی جائے۔

ملک بھر سے سے مزید