کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈبلن میں پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں میزبان آئرلینڈ نے مہمان پاکستان کو پانچ وکٹ سے شکست دے کر ورلڈکپ کی تیاری سےمتعلق دعوےاورتوقعا ت خاک میں ملادیے ۔ آئرلینڈ نے پہلی مرتبہ پاکستان کو اس فارمیٹ میں شکست دی ہے۔پاکستان کے بولر غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے، ان کی بولنگ میں سوئنگ دکھائی نہیں دی، مڈل آرڈر بیٹسمین بھی اچھی پرفارمنس دکھانے میں ناکام رہے۔ درمیانی اوورز میں تیز رفتار بیٹنگ نہ کی جاسکی۔ہارڈہٹر اعظم خان اور شاداب خان وکٹ پر آئے اور چلتےبنے۔افتخار احمد نے جارحانہ بیٹنگ سے پاکستان کو اچھے اسکور تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا، شاداب خان خاصے مہنگے بولر ثابت ہوئے جنہوں نے چار اوورز میں54رنز دئیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے، نسیم شاہ، عباس آفریدی اور شاہین شاہ بھی توقعات پوری نہ کرسکے، اینڈی بالبرنی کی شاندار بیٹنگ نے گرین شرٹس کو دن میں تارے دکھادیے۔ پاکستان کے چھ وکٹ پر182کے جواب میں میزبان ٹیم نے پانچ وکٹ پر 183رنز بنائے۔ اینڈی بالبرنی نے 55 گیندوں پر دس چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے سب سے زیادہ77رنز بنائے۔ ہیری ٹیکٹر36 اور جارج ڈوکریل24 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹرز رہے۔ پاکستان کی جانب سے عباس آفریدی نے36رنز کے عوض دو وکٹ لئے، جبکہ شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور عماد وسیم ایک ایک وکٹ لے سکے۔ آئر لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بولرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا، پاکستان نے 6 وکٹوں پر 182 رنز بنائے۔ کپتان بابر اعظم نے تیسرے نمبر پر کھیلتے ہوئے 43 گیندوں پر آٹھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 57 رنز بنائے، اوپنر صائم ایوب نے45رنز بنائے ، جس میں چار چوکے اور تین چھکے بھی شامل تھے۔ محمد رضوان ایک رن بناکر رن آؤٹ ہوئے۔ شاداب خان اور اعظم خان نے کھاتہ نہیں کھولا، افتخار احمد نے 15گیندوں پر تین چوکے اور تین چھکے لگاتے ہوئے37رنز ناٹ آؤٹ اسکور کئے، فخر زمان 20 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ شاہین آفریدی نے8گیندوں پر دو چھکوں کی مدد سے14رنز ناٹ آؤٹ اسکور کئے۔ آئرلینڈ کی جانب سے کریگ ینگ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستان کے دو کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے ۔ ہوم سائیڈ کو آخری اوور میں 11 رنز درکار تھے جو اس نے پانچ گیندوں پر حاصل کرلیے۔