جدید زندگی میں فطری طور پر ہر جگہ شور ہے۔ ٹریفک، بھاری مشینری، تعمیرات، ہوائی جہاز کا گزرنا اور تفریحی مقامات پر سب شور شرابے میں اضافے کا باعث بنتے ہیں۔ شور بھی ایک قسم کی آلودگی ہے اور اس کے یہ تمام ذرائع شہر میں رہنےوالوں کی صحت پر نمایاں اثر ڈال سکتے ہیں۔ آواز روکنے والی انسولیشن (صوتی موصلیت) لوگوں کو شور کے مضر اثرات سے بچانے کے لیے ضروری ہے اور عام طور پر رہائشی اور تجارتی تعمیراتی ڈھانچوں میں استعمال ہوتی ہے۔
شور کی آلودگی کا مسئلہ
20ویں اور 21ویں صدیوں میں ترقی کی رفتار حیران کن رہی ہے، شہری مراکز تیزی سے پھیلتے جا رہے ہیں تاکہ وسیع و عریض اراضی کو گھیرا جاسکے اور بڑھتی ہوئی شہری آبادی کے لیے رہائش اور تجارتی عمارتیں فراہم کی جائیں۔ تاہم، اس تیز رفتار ترقی نے ایک بہت بڑا ماحولیاتی بوجھ پیدا کیا ہے، جس میں رہائشیوں، شہر کے منصوبہ سازوں، صنعتوں اور حکومتوں کے لیے آلودگی ہمیشہ سے مسئلہ رہا ہے۔
ٹریفک کے دھوئیں اور صنعت اور آبی آلودگی سے فضائی آلودگی کے علاوہ، شور سے پیدا ہونے والی آلودگی لوگوں کی جسمانی اور ذہنی صحت پر نمایاں طور پر اثر انداز ہو سکتی ہے، خاص طور پر شہری باشندے اس کا زیادہ شکار ہیں۔ صوتی آلودگی کے اثرات میں نیند کی کمی، سماعت کی خرابی، قلبی مسائل، دماغی صحت کے مسائل اور پیداواری صلاحیت میں کمی شامل ہوسکتی ہے۔ اقوام متحدہ نے شہری شور کی آلودگی کو آج کے ابھرتے ہوئے ماحولیاتی خطرات میں سے ایک کے طور پر شناخت کیا ہے۔
صوتی موصلیت کا جائزہ
صوتی موصلیت یا آواز روکنے والی انسولیشن، عمارتوں کے مکینوں کو ضرورت سے زیادہ شور کا سامنا کرنے سے بچاتی ہے۔ یہ آواز کی ترسیل اور عمارت کے اندر سے گزرنے والے ارتعاش کی سطح کو بھی کم کرتی ہے، جس سے گھریلو رہائشیوں اور تجارتی عمارتوں میں کام کرنے والے لوگوں کو سکون حاصل ہوتا ہے۔ صوتی موصلیت کو لوگوں کے رہائش اختیار کرنے سے قبل نئی عمارت میں نصب کیا جا سکتا ہے، جبکہ پرانی عمارت میں بھی نصب کرکے اسے استعمال کرنے والوں کی صحت اور بہبود کو بہتر بنایا جا سکے۔
مختلف قسم کی موصلیت کا استعمال رہائشیوں اور خود تعمیراتی ڈھانچے کو انفرادی فوائد فراہم کرنے کے لیے کیا جاتا ہے۔ اندرونی اور بیرونی شور کی سطح کو کم کرنے کے لیے صوتی دیوار کی موصلیت اندرونی اور بیرونی دیواروں میں نصب کی جاتی ہے۔ آواز روکنے والی چھت کی موصلیت عام طور پر اپارٹمنٹس، تہہ خانوں، کار پارکنگ اور تجارتی عمارتوں میں نصب کی جاتی ہے۔
اس قسم کی موصلیت عمارتوں پر شور اور ارتعاش کے اثرات کو کم کرتی ہے۔ صوتی فرش کی موصلیت کا استعمال عمارت کی سطح کے درمیان آواز کی منتقلی کو کم کرنے کے لیے بھی کیا جاتا ہے، جو خاص طور پر اونچی عمارتوں میں مفید ہے۔ لوگوں کی صحت کے تحفظ کے ساتھ ساتھ، صوتی موصلیت (بصورت دیگر ساؤنڈ پروفنگ کے طور پر جانا جاتا ہے) عام طور پر ان عمارتوں میں نصب کی جاتی ہے جہاں کمپنیاں ارد گرد کے علاقے پر اپنی سرگرمیوں کے اثرات کو کم کرنا چاہتی ہیں۔
صوتی موصلیت کی اقسام
کئی موصلیت کی مصنوعات بازار میں دستیاب ہیں۔ ساؤنڈ پروف کھڑکیاں اور دروازے آواز کی ترسیل کو کم کرنے کے لیے ڈی -کپلنگ کا استعمال کرتے ہیں۔ صوتی کپڑے عام طور پر سینما گھروں میں استعمال ہوتے ہیں جبکہ صوتی فوم ریکارڈنگ اسٹوڈیوز اور میوزک رومز کی ایک معیاری خصوصیت ہے۔ اوپن سیل کیویٹی انسولیشن، ڈی-کپلنگ پروڈکٹس جیسے ایکوسٹک ہینگرز اور ریسیلینٹ چینلز، اور ایکوسٹک آئسولیشن میمبرینز بھی مارکیٹ میں دستیاب ہیں، حالیہ برسوں میں کئی جدید مصنوعات سامنے آئی ہیں۔
فوائد اور نقصانات
مختلف قسم کی صوتی موصلیت اور مواد اپنے انفرادی فوائد اور نقصانات کے ساتھ دیگر ایپلی کیشنز اور منظرناموں میں بہترین کام کرتے ہیں۔ ٭ فائبر گلاس ایک ورسٹائل اور آسانی سے کٹنے والا مواد ہے جو عام طور پر ساؤنڈ پروفنگ میں استعمال ہوتا ہے۔ یہ مختلف فریکوئنسی رینجز کے لیے موزوں ہے لیکن اسے ہینڈل کرتے وقت ماہر حفاظتی پوشاک کی ضرورت ہوتی ہے۔
٭ صوتی معدنی اون کیویٹی موصلیت سخت ہے لیکن اسے کاٹنا آسان ہے۔ یہ ایک سستا قدرتی مواد ہے جو نمی اور آگ کے خلاف مزاحمت دکھاتا ہے۔ تاہم، فائبر گلاس کی طرح، اسے سنبھالنے کے لیے حفاظتی سامان کی ضرورت ہوتی ہے۔ اسے موثر ثابت ہونے کے لیے مواد کی موٹی تہوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔
٭ بیرونی صوتی جاذب پینل ری سائیکل شیشے کے موتیوں سے بنی ایک خاص پراڈکٹ ہیں۔ یہ ایک ہائیڈروفوبک مواد ہے جو بیرونی نمی کے مسائل پر قابو پاتا ہے۔ یہ غیر آتش گیر اور کیمیائی طور پر غیر فعال بھی ہے لیکن نسبتاً مہنگا ہے (حالانکہ اس کے فوائد لاگت کے لحاظ سے اس کی قیمت سے زیادہ ہو سکتے ہیں)۔
٭ ساؤنڈ پروف ڈرائی وال (عام طور پر جپسم بورڈ اور اسٹیل کی دیوار) ایک انتہائی موثر آپشن ہے، جو آوازوں کو روکنے کے لیے بڑھتی ہوئی کثافت اور مادے کو استعمال کرتا ہے۔ تاہم، یہ کافی مہنگا ہے اور اس کے پیشہ ورانہ تنصیب کی ضرورت ہے۔
٭ اینٹی وائبریشن ساؤنڈ پروف میٹ ایک آسان آپشن ہے، جو کمرشل اور صنعتی مشینری کی وائبریشن اور شور کو روکتا ہے۔ تاہم، اسے صحیح معنوں میں موثر ہونے کے لیے دیگر ساؤنڈ پروفنگ طریقوں کی ضرورت ہوتی ہے۔
٭ صوتی سیلینٹس لگانے میں آسان، ماحول دوست اور سستی ہیں، لیکن یہ ایک اضافی حل ہیں۔
٭ صوتی دیوار کا احاطہ ایک جدید، لچکدار، پائیدار اور لگانے میں آسان ہائبرڈ مواد کا مرکب ہے، لیکن یہ دوسرے اختیارات کے مقابلے میں مہنگا ہے۔ صوتی شیشے اور دروازے مضبوط اور موثر حل ہیں، لیکن وہ بھی نسبتاً مہنگے ہیں۔
کچھ قسم کی موصلیت یا مخصوص مواد دوسروں کے مقابلے میں زیادہ مناسب ہو سکتا ہے، لہٰذا بہترین آپشن کا انتخاب کرنے کے لیے ماہر علم اور منصوبہ بندی کی ضرورت ہوتی ہے۔