• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نے آئی ایم ایف کو معاشی اصلاحاتی ایجنڈے کی ترجیحات سے آگاہ کردیا

پاکستان نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کو معاشی اصلاحاتی ایجنڈے کی ترجیحات سے آگاہ کر دیا۔

ذرائع کے مطابق ٹیکس ٹو جی ڈی پی کے تناسب میں اضافہ اور ٹیکس مشینری میں اصلاحات ترجیحات میں شامل کی گئی ہیں۔

قومی خزانے پر بوجھ بننے والے حکومتی ملکیتی اداروں میں اصلاحات یا نجکاری ایجنڈے کا حصہ ہے، تاجروں کی رجسٹریشن، معیشت کو دستاویزی اور ڈیجیٹل بنانا بھی بنیادی ایجنڈے میں شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق مستقبل میں توانائی شعبے کا مالی استحکام یقینی بنانے کے لیے اصلاحات کی جائیں گی، اصلاحات کی بدولت 2 سال میں جی ڈی پی گروتھ 5 فیصد سے بڑھ جائے گی۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق اگلے مالی سال کے اختتام تک مہنگائی 5 سے7 فیصد کے سنگل ڈیجیٹ پر آجائے گی۔

آئی ایم ایف کو یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ سماجی تحفظ کے نیٹ ورک کو وسعت دی جائے گی۔

آئی ایم ایف نے انسانی سرمائے اور انفرا اسٹرکچر میں بلاتاخیر سرمایہ کاری پر زور دیا ہے اور غربت کے خاتمے اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے مالی استحکام بھی ضروری قرار دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے مختلف شعبوں میں استعداد کار بڑھانے اور تکنیکی معاونت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

مانیٹری پالیسی، ٹیکس پالیسی، بجٹ سازی، قرضوں کی مینجمنٹ ایجنڈے میں شامل ہے۔

تجارتی خبریں سے مزید