• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تیسرا ٹی 20، بابر اور رضوان کی آئرلینڈ پر یلغار، پاکستان کامیاب، میچ کے ساتھ سیریز جیت لی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کی یلغار اور طوفانی بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے آئرلینڈ کے خلاف تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل چھ وکٹ سے جیت کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی ۔ پاکستان نے ہدف تین اوورز پہلے عبور کر لیا۔ بابر اعظم نے وائٹ کے ایک اوور میں چار چھکے مارے۔ انہوں نے اپنے انداز کے برعکس 42 گیندوں پر دھواں دھار انداز میں 75رنز بنائے۔ جس میں پانچ چھکے اورچھ چوکے شامل تھے۔ اعظم خان دو چھکوں کی مدد سے18اور عماد وسیم ایک رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ منگل کو ڈبلن میں آئر لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے تیز آغاز کیا لیکن مقررہ اوورز میں سات وکٹ پر178رنز بن سکے۔ ہوم ٹیم آخری 38 گیندوں پر 4 وکٹیں گنوا کر 56 رنز بنا سکی۔ پاکستان کے محمد رضوان نے 38 گیندوں پر56رنزتین چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے بنائے ۔ رضوان اور بابر نے دوسری وکٹ کی شراکت میں139رنز74 گیندوں پر بنائے۔ انہوں نے ٹی 20 انٹرنیشنل میں شراکت داری کا نیا ریکارڈ بنادیا ، وہ شراکتوں میں مجموعی طور پر 3 ہزار رنز بنانے والی پہلی جوڑی بن گئی۔ دونوں کرکٹرز کے درمیان 10 ویں سنچری شراکت بنی۔ صائم ایوب ایک بار پھر3چوکوں کی مدد سے14 اور افتخار احمد پانچ رنز بناسکے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار اسپیل کرتے ہوئے 14 رنز کے عوض 3 وکٹیں لیں جبکہ عباس آفریدی نے دو وکٹیں اپنے نام کیں۔ انہوں نے43رنز دیے۔ پہلا میچ کھیلنے والے حسن علی نے تین اوورز میں42رنز دیے۔ چار کیچ ڈراپ ہوئے ۔ آئرلینڈ کے کپتان پال اسٹرلنگ نے میچ میں حصہ نہیں لیا۔ کپتانی لورکان نے کی۔ پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کو آزمانے کا فیصلہ کیا۔ آئرش اننگز کے تیسرے ہی اوور میں شاہین نے 7 رنز بنانے والے روس آڈائیر کو چلتا کردیا۔ اینڈی بلبرنی لورکان نے ٹیم کی سنچری مکمل کرائی۔ پہلے میچ کے ہیرو بلبرنی کی 3 چھکوں اور دو چھکوں سے سجی 35 رنز کی اننگز عباس آفریدی نے ختم کی ۔ لورکان 41 گیندوں پر 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 73 رنز بنانے کرعماد وسیم کی وکٹ بن گئے۔ آئرلینڈ نے 13.4 اوورز میں 3 وکٹ پر 132 رنز بنائے تھے اور وہ 200 رنز کی جانب بڑھ رہی تھی لیکن یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے کی وجہ سے ٹیم اختتامی اوورز میں زیادہ رنز نہ بنا سکی۔ ہیری ٹیکٹر نے 20 گیندوں پر 30 رنز بنائے۔ پاکستان نے میچ کیلئے ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے نسیم شاہ کی جگہ حسن علی کو فائنل الیون کا حصہ بنایا تھا۔

اسپورٹس سے مزید