قومی ایئر لائن پی آئی اے کی اسلام آباد سے کینیڈا کے لیے روانہ ہونے والی پرواز کو فنی خرابی کے باعث روانگی کے 10 گھنٹے بعد کراچی اتار لیا گیا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پرواز پی کے 781 اسلام آباد سے ٹورنٹو روانگی کے بعد روس کی فضائی حدود میں تھی کہ فنی خرابی پیدا ہوگئی جس پر بوئنگ 777 طیارے کا رخ کراچی کی طرف موڑ دیا گیا، پرواز نے روانگی کے 10 گھنٹے بعد کراچی لینڈ کیا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق جہاز میں فنی خرابی معمولی نوعیت کی تھی مگر کپتان نے طویل پرواز جاری رکھنے اور بحر اوقیانوس پر پرواز کرنے سے واپسی کو ترجیح دی۔
جہاز کو کراچی انجینئرنگ بیس پہنچادیا گیا جہاں بہتر انتظامات اور پرزہ جات کی دستیابی کے باعث مرمت ممکن ہے۔
کراچی میں پرواز کے مسافروں کو ایئرپورٹ ہوٹل میں قیام کروایا گیا ہے، مسافروں کی دیکھ بھال کیلئے طعام اور ٹرانسپورٹ کا انتظام کیا گیا ہے۔
پرواز کی دوبارہ ٹورنٹو روانگی کا شیڈول ہفتہ کی دوپہر 1 بجے رکھا گیا تاکہ مسافر طویل پرواز کیلئے آرام کرسکیں۔