سکھر(بیور ورپورٹ)سکھر پولیس کی جانب سے بین الاقوامی شہرت یافتہ سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کے ایصال ثواب کے لئے دو مختلف مقامات پر قرآن خوانی اور دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ایس ایس پی سکھر امجدا حمد شیخ سمیت پولیس افسران اور اہلکاروں کی بڑی تعداد نے حصہ لیا۔ایس ایس پی آفس سکھر اور پولیس لائن سکھر میں قرآن خوانی اور دعائیہ تقریب منعقد کی گئی تھی جس میں عبدالستار ایدھی کی سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ان کے بلند درجات کے لئے خصوصی طور پر دعائیں مانگی گئیں۔اس موقع پر ایس ایس پی سکھر امجدا حمد شیخ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عبدالستار ایدھی ایک ایسی شخصیت تھے جن پر پوری قوم کو فخر ہے ، عبدالستار ایدھی کی خدمات کو نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں تسلیم کیا گیا ، پوری قوم عبدالستار ایدھی کے انتقال پر غمزدہ ہے، کیونکہ وہ لاکھوں بچوں کی پرورش کے ساتھ ساتھ بزرگوں، مستحقین کی امداد اور ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں سمیت پسماندہ علاقوں میں انسانیت کی خدمت میں پیش پیش رہے۔