وزیرِ خوراک خیبر پختون خوا ظاہر شاہ طورو نے کہا ہے کہ خیبر پختون خوا باہر سے لائی گئی گندم نہیں خریدے گا، ہم مقامی کسانوں سے 6 لاکھ ٹن گندم خرید رہے ہیں۔
اسلام آباد میں مشیر اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر سیف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرِ خوران کے پی کے ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ 40 کلو گندم کا ریٹ 3900 روپے رکھا ہے، اس بار گندم کی خریداری کو شفاف بنایا جائے گا۔
ظاہر شاہ طورو کا کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا حکومت نے کسانوں سے 17 ہزار میٹرک ٹن گندم خریدی ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ امپورٹ کی گئی گندم خیبر پختون خوا کے لوگ پسند نہیں کرتے، خیبر پختون خوا میں 22 سینٹرز میں گندم کی خریداری کی جا رہی ہے، 20 مئی سے نئے مراحل میں گندم خریدی جائے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا حکومت کو فنڈز نہیں دیے جا رہے ہیں، گندم اور پانی پر ہمیشہ لڑائیاں رہی ہیں، گندم اسٹوریج اس لیےہوتہ ہے تاکہ آفات میں اس کو استعمال کیا جائے، ہم نے جو فیصلہ کیا اس سےصوبے کو 12 ارب روپے کا فائدہ ہو گا۔
ظاہر شاہ نے مزید کہا کہ فوڈ کے شعبے میں کرپشن ہوتی تھی اس لیے ایپ بنائی گئی، 14 لاکھ میٹرک ٹن گندم کا کسانوں نے ایپ میں اندراج کیا۔
وزیرِ خوراک خیبر پختون خوا نے یہ بھی کہا ہے کہ صوبے میں 120 گرام کی روٹی 15 روپے کی ہے۔