پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی منجھی ہوئی اداکارہ سلمیٰ حسن نے انکشاف کیا ہے کہ طلاق کے بعد سابق شوہر، اداکار، ہدایت کار و پروڈیوسر اظفر علی کے ساتھ کام کرنے پر اُنہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستانی ڈراموں میں ماں کا بے مثال کردار ادا کرنے کے لیے شہرت رکھنے والی اداکارہ سلمیٰ حسن نے حال ہی میں جیو نیوز کے کامیڈی شو ’ہنسنا منع ہے‘ میں شرکت کی۔
اس دوران انہوں نے اپنے خوشگوار موڈ اور ہنستی مسکراتی شخصیت سے ناظرین کو خوب محظوظ کیا ہے۔
سلمیٰ حسن نے شو کے میزبان تابش ہاشمی اور شو میں موجود اپنے مداحوں کے متعدد سوالوں کے جواب دیے۔
اداکارہ کا بتانا تھا کہ وہ اسکول ٹیچر بھی رہ چکی ہیں، انہوں نے تاریخ میں ماسٹرز کیا ہوا ہے مگر اسکول میں وہ انگریزی اور سائنس پڑھاتی تھیں۔
اداکارہ نے گفتگو کے دوران انکشاف کیا کہ اظفر علی سے ان کی طلاق کے بعد اُنہیں سابق شوہر کے ساتھ کام کرنے پر طرح طرح کی باتیں سننے کو ملی تھیں۔
اداکارہ سلمیٰ کا کہنا تھا کہ اُنہیں ایک تبصرہ سننے کو ملا کہ اظفر علی کے ساتھ کام کر کے شریعت کے خلاف کام کر رہی ہیں۔
اداکارہ نے اس تبصرے پر اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ تو کیا ہوا، اگر وہ اظفر علی کے ساتھ کام نہیں کریں گی تو کسی اور کے ساتھ کام کریں گی، پھر لوگ کہیں گے یہ بھی حرام ہے، انہوں نے کہا کہ ان کا کام اداکاری ہے اور وہ اسے کسی اور کے ساتھ بھی کرسکتی ہیں۔
سلمیٰ خان نے مزید بتایا کہ وہ چاہتی ہیں اُن ک بیٹی فاطمہ کا اپنے والد کے ساتھ رشتہ مضبوط رہے، اسی لیے وہ بھی اپنے سابق شوہر کے آس پاس ہی رہتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب دو لوگوں کے درمیان بچے شامل ہو جاتے ہیں تو ذاتی اختلافات کو ایک طرف رکھنا پڑتا ہے۔