• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

آج سے 27 مئی تک ملک کے بیشتر علاقوں بالخصوص پنجاب اور سندھ میں گرمی کی لہر (ہیٹ ویو) کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق سندھ اور پنجاب میں 21 سے 23 مئی کے دوران دن کا درجۂ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

گرمی کی شدت، تپتی دھوپ اور آگ برساتے سورج کے باعث سندھ، پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختون خوا میں موسم گرم اور خشک ہے، شدیدی گرمی کے باعث شہریوں کے معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے ہیں۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں آئندہ 3 روز کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، کراچی میں درجۂ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔

شہرِ قائد میں کل سے درجۂ حرارت میں مزید بڑھنے کا امکان ہے، بدھ اور جمعرات کو درجۂ حرارت 37 سے 39 ڈگری تک جا سکتا ہے،جبکہ اس دوران سمندری ہوائیں بحال رہنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب سندھ کے دیگر شہرہیٹ ویو کی لپیٹ میں ہیں، جہاں درجۂ حرارت 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ زائد رہنے کا امکان ہے۔

حیدرآباد، مٹیاری، ٹنڈوالہٰ یار،ٹنڈومحمد خان میں درجۂ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری زائد، کراچی، ٹھٹہ، سجاول، جامشورو میں درجۂ حرارت معمول سے 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ زائد رہنے کا امکان ہے جبکہ جامشورو میں آج شام کہیں کہیں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

کراچی میں میٹرک کے امتحانات ملتوی

کراچی میں ہیٹ ویو کے پیشِ نظر اسکولوں کے جاری میٹرک کے امتحانات آج 21 مئی تا 27 مئی ملتوی کر دیے گئے ہیں، ملتوی شدہ پرچے 28 مئی لیے جائیں گے۔

لُو کے تھپیڑوں سے زندگی مفلوج

حیدرآباد، دادو، لاڑکانہ، سکھر سمیت سندھ بھر میں موسم شدید گرم اور خشک ہے، جہاں دن کے اوقات میں لُو کے تھپیڑوں سے معمولاتِ زندگی مفلوج ہو گئے۔

شہری گرمی کی شدت کو کم کرنے کے لیے سوئمنگ پول اور نہروں کا رخ کر رہے ہیں۔

پنجاب کی سڑکوں پر ویرانی

آج صبح سے ہی پنجاب کے اکثر شہروں میں سڑکوں پر ویرانی ہے جبکہ بازاروں میں خریداروں کا رش بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔

موسم گرم ہونے کے ساتھ ہی ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، بہاولپور، سیالکوٹ، جھنگ سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں گیسٹرو کے مرض میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

گرمی سے پریشان شہری کہیں ٹھنڈی لسی سے پیاس بجھا رہے ہیں تو کہیں گنے کا رس پیا جا رہا ہے، ممکنہ ہیٹ ویو سے بچاؤ کے لے اسپتالوں میں خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

پنجاب: کالجز کے اوقاتِ کار تبدیل

پنجاب میں ہیٹ ویو کے خدشے کے پیشِ نظر کالجز کے اوقاتِ کار میں تبدیلی کر دی گئی ہے۔

محکمۂ ہائیر ایجوکیشن پنجاب کے مطابق 21 سے 31 مئی تک کالجز کے اوقات صبح ساڑھے 7 سے ساڑھے 11 اور جمعے کو ساڑھے 7 سے 11 بجے تک ہوں گے، کالجز کی سکینڈ شفٹ شام 4 بجے سے رات 8 بجے تک ہو گی۔

پی ڈی ایم اے کا الرٹ اور گائیڈ لائنز جاری

دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں، محکمۂ صحت کو ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب نے21 سے27 مئی کے دوران ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے، ضلعی انتظامیہ کو ہیلپ لائن، مساجد میں اعلانات، میڈیا کے ذریعے آگاہی کی ہدایت کی گئی ہے۔

اسپتالوں میں خصوصی کاؤنٹر بنانے اور ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، اسکول ٹائمنگز میں کمی کے ساتھ 5 سال کی عمر تک کے بچوں کو چھٹیاں دینے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

آزاد کشمیر میں ٹھنڈی ہواؤں سے موسم خوشگوار

آزاد کشمیر میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوش گوار ہے، شونٹھر ویلی سمیت بلند سیاحتی مقامات کی سڑکوں کی بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔

سیاحتی مقامات کے دلکش مناظر دیکھنے سیاحوں کی بڑی تعداد وادیٔ نیلم کا رخ کر رہی ہے۔

بلوچستان: جنوبی اور وسطی اضلاع میں موسم گرم

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں مطلع صاف اور موسم خشک ہے جبکہ جنوبی اور وسطی اضلاع میں موسم گرم ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق وادی کوئٹہ اور گردونواح میں مطلع صاف اور موسم خشک ہے، کوئٹہ میں صبح کم سے کم درجۂ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

بلوچستان کے شمالی اضلاع میں مطلع صاف اور موسم معتدل ہے جبکہ صوبے کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں موسم گرم ہے۔

صوبے کے بیشتر اضلاع میں آج موسم گرم و خشک رہنے کا امکان ہے اور آئندہ چند روز کے دوران صوبے کے گرم اضلاع میں گرمی کی شدت میں اضافے کا بھی امکان ہے۔

قومی خبریں سے مزید