کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے) نےضلع گھوٹکی کے شہر میرپور ماتھیلو کے مقامی صحافی نصر اللہ گڈانی پر موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ اور قاتلانہ حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر داخلہ ضیاء لنجار اور انسپکٹر جنرل( آئی جی) پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو بلا تاخیر گرفتار کیا جائے اور نصر اللہ کو علاج کے لیے ایئر ایمبولینس کے ذریعے گھوٹکی سے کسی بڑے شہر منتقل کیا جائے۔ کے یو جے کے صدر اعجاز احمد، جنرل سیکریٹری عاجز جمالی،نائب صدور محمد ناصر شریف، لبنیٰ جرار، خازن یاسر محمود،جوائنٹ سیکریٹریز طلحہٰ ہاشمی اور رفیق بلوچ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ اطلاع ملی ہے کہ نصر اللہ تشویش ناک حالت میں ہے، سندھ خصوصاًگھوٹکی پولیس کا ڈاکوؤں پر تو کوئی کنٹرول نہیں! لیکن ایک صحافی پر سر عام فائرنگ کرنے والے ملزمان کو بھی پولیس گرفتار نہیں کر سکی۔