• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلمیٰ آغا کی وجہ سے فلمی کیرئیر میں بہت نقصان برداشت کرنا پڑا: جاوید شیخ


پاکستانی فلم انڈسٹری کے مقبول و مایاناز اداکار جاوید شیخ نے انکشاف کیا ہے کہ دوسری اہلیہ و اداکارہ سلمیٰ آغا نے کئی ہٹ فلمیں کرنے سے منع کردیا جس کی وجہ سے فلمی کیرئیر میں بہت نقصان برداشت کرنا پڑا۔

حال ہی میں جاوید شیخ نے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب کے چینل کے لیے انٹرویو دیا، جہاں انہوں نے اپنی سابقہ اہلیہ اور مشہور اداکارہ سلمیٰ آغا کی وجہ سے اپنے فلمی کیرئیر میں ہونے والے بھاری نقصانات کے بارے میں کھل کر بات کی۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ سلمیٰ آغا کی وجہ سے ماضی میں بالی ووڈ کی ایک بڑی فلم میں مرکزی کردار نبھانے کا موقع کھو دیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ سلمیٰ آغا سے شادی کرنے کی وجہ سے پہلی شادی ختم ہوئی، ان کے ساتھ شادی صرف 3 سے 4 برس ہی چل سکی، اس دوران میرے دونوں بچے مجھ سے الگ رہے، فلمی کیرئیر میں بھی کافی نقصان اُٹھانا پڑا۔

جاوید شیخ نے یوٹیوبر کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے اپنی دوسری اور سابقہ اہلیہ اداکارہ سلمیٰ آغا کی وجہ سے اپنے فلمی کیرئیر کے دوران ہونے والے نقصانات کی تفصیل بتائی۔

سینیئر اداکار نے بتایا کہ میں انڈیا میں فلم خون بھری مانگ کر رہا تھا، مجھے ریکھا کے ساتھ کاسٹ کیا گیا تھا، لیکن مجھے زبردستی وہ فلم کرنے سے روکا گیا، بعدازاں میری جگہ اس فلم میں کبیر بیدی کو کاسٹ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ میں نہیں چاہتا تھا کہ بھارت میں پاکستان کا نام خراب ہو اس لیے میں نے لالچ نہیں کیا اور فلم سے پیچھے ہٹ گیا، اگر اس وقت لالچ کرتا تو فلم میں کام کرتا اور سلمیٰ آغا کو چھوڑ دیتا لیکن میں نے ایسا نہیں کیا۔

جاوید شیخ نے یہ انکشاف بھی کیا اس سے قبل مختلف پاکستانی فلمیں بھی سلمیٰ آغا کی وجہ سے چھوڑنی پڑیں، کیونکہ وہ پاکستانی فلموں کو حقارت کی نگاہ سے دیکھتی تھی اور مجھے فلم کی شوٹنگ کے دوران بار بار بھارت لے جاتی تھی تاکہ میں فلم نہ کرسکوں جس کے بعد وہ فلمیں دیگر فنکاروں کو آفر کی گئیں۔

خیال رہے کہ سینیئر اداکار جاوید شیخ اور اداکارہ سلمیٰ آغا نے 80 کی دہائی میں شادی کی تھی جو کچھ ہی عرصہ چل سکی اور مختصر عرصے کے بعد ان دونوں نے طلاق لے کر اپنی راہیں جدا کر لیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید