جناح اسٹیڈیم کی فلڈ لائٹس کے معاملے پر پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے پی ایف ایف کی جائزہ کمپنی کی رپورٹ تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔
پی ایس بی نے جناح اسٹیڈیم کی لائٹس کے آزاد معائنے کا فیصلہ کر لیا اور فٹبال فیڈریشن کو خط لکھ دیا۔
پی ایس بی کی جانب سے خط میں لکھا گیا ہے کہ ہمارے لکس اسسمنٹ پر ریڈنگ 1600 سے 2500 آ رہی ہے، پی ایس بی نے فریقین کی تسلی کے لیے آزاد پارٹی سے تجزیے کا فیصلہ کیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پی ایس بی نے پی ایف ایف کو میچ کے لیے درکار لائٹس کی تفصیلات مہیا کرنے کو کہا ہے، پی ایس بی اس معاملے پر پی ایف ایف کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔
واضح رہے کہ پی ایف ایف نے جناح اسٹیڈیم میں نصب لائٹس کو فیفا معیار سے کم قرار دیا تھا۔
پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی نے پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کو اس سلسلے میں خط بھی لکھا تھا۔
خط میں پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی نے تحریر کیا تھا کہ جناح اسٹیڈیم میں نئی لائٹس فیفا اور اے ایف سی معیار کی نہیں، گول پوسٹس کی دونوں جانب روشنی ناکافی ہے۔