انگلینڈ نے پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 23 رنز سے شکست دے کر چار میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
برمنگھم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 184 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں گرین شرٹس آخری اوور میں 160 رنز پر آل آؤٹ ہوگئے۔
ہدف کے تعاقب میں قومی بیٹرز کا آغاز اچھا نہ رہا، اوپنرز محمد رضوان صفر جبکہ صائم ایوب 2 رنز کے مہمان ٹھہرے۔
کپتان بابر اعظم اور فخر زمان نے تیسری وکٹ پر 53 رنز کی پارٹنرشپ بنائی۔ بابر اعظم 67 کے مجموعے پر 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اسکے بعد شاداب خان 3 رنز اور اعظم خان 11 رنز بنا کر پویلین لوٹے جس کے ساتھ ہی آدھی پاکستان ٹیم 91 رنز پویلین لوٹ گئی۔
جارح مزاج فخر زمان بھی 100 کے مجموعے پر میدان بدر ہوئے، انہوں نے 45 رنز بنائے۔
پاکستان کو ساتواں نقصان افتخار احمد کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 23 رنز بنا کر 140 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے۔ عماد وسیم پاکستان کی گرنے والی آٹھویں وکٹ تھے، انہوں نے 22 رنز بنائے۔
154 کے مجموعے پر پاکستان کی نویں وکٹ گری، جب محمد عامر 5 رنز بنا کر جارڈن کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے، صرف 6 رنز اضافے کے بعد 160 پر شاہین آفریدی کیچ آؤٹ ہوگئے۔
انگلینڈ کی جانب سے ریس ٹاپلے نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ معین علی اور جوفرا آرچر نے دو، دو اور کرس جارڈن، لیام لیونگسٹن اور عادل رشید نے ایک، ایک وکٹ لی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی، میزبان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 183 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی پہلی وکٹ 25 کے مجموعے پر گری جب عماد وسیم نے فل سالٹ کو آؤٹ کردیا۔ سالٹ نے 13 رنز کی اننگز کھیلی۔
دوسری وکٹ پر ول جیکس اور کپتان جوش بٹلر نے 71 رنز جوڑے، تاہم 37 رنز بنانے والے جیکس کو حارث رؤف نے کیچ آؤٹ کروایا اور اپنی ٹیم کو دوسری کامیابی دلوائی۔
ایک جانب بٹلر کا بلا رنز اگلتا رہا جنہوں نے تیسری وکٹ پر 25 رنز بنانے والے جونی بیئرسٹو کے ساتھ 48 رنز جوڑے۔ بیئرسٹو کی اننگز کا خاتمہ شاہین آفریدی نے کیا۔
حارث رؤف نے 84 رنز بنانے والے جوش بٹلر کی اننگز کا خاتمہ کیا اور اسکے ساتھ ہی پاکستانی بولرز نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے انگلینڈ کو بیک فٹ پر دھکیلا۔
ہیری بروک ایک، معین علی 4، کرس جورڈن 3 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ لیام لیونگسٹن 2 اور جوفرا آرچر 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3 جبکہ عماد وسیم اور حارث رؤف نے دو، دو وکٹیں لیں۔
انگلینڈ کے کپتان جوش بٹلر کو عمدہ بیٹنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
ہوم ٹیم میں جوفرا آرچر کی واپسی ہوئی جبکہ پاکستان ٹیم میں حارث رؤف اپنی واپسی کر رہے تھے۔
پاکستان ٹیم کپتان بابر اعظم، صائم ایوب، محمد رضوان، فخر زمان، شاداب خان، اعظم خان، افتخار احمد، عماد وسیم، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور محمد عامر پر مشتمل تھی۔
انگلش ٹیم کی قیادت جوش بٹلر کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فل سالٹ، ول جیکس، جانی بیرسٹو، ہیری بروک، معین علی، لیام لونگٹسن، کرس جارڈن، جوفرا آرچر، عادل رشید اور ریس ٹوپلے شامل تھے۔
واضح رہے کہ سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا، ہیڈنگلے لیڈز کا یہ میچ بغیر کوئی گیند پھینکے منسوخ کردیا گیا تھا۔