• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں‘ مشیر صنعت و تجارت

کوئٹہ ( پ ر) صوبائی مشیر برائے صنعت و تجارت میر علی حسن زہری نے کہا ہے کہ بلوچستان سرمایہ کاری اور تجارت کے لحاظ سے ایک پرکشش اور زرخیز خطہ ہے ۔ افسوس کہ پچھلے ادوار میں صنعت کے شعبے کو مجرمانہ طور پر نظر انداز کیا گیا اور غفلت برتی گئی جس کی وجہ سے بلوچستان دوسرے صوبوں سے پیچھے رہ گیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے واحد صنعتی شہر حب کوچار دہائیوں سے مسلط عناصر نے اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا جس کی وجہ سے نہ صرف حب شہر بلکہ پورا بلوچستان ترقی کی وہ منازل طے نہ کر سکا جس کا وہ حقدار تھالیکن اب حب شہر پر بھرپور توجہ دی جائے گی اور صنعت کاروں کو بھرپور تحفظ فراہم کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ یہاں بین الاقوامی اور قومی سرمایہ کاروں کے لئے سرمایہ کاری کے وسیع و پرکشش مواقع بھی موجود ہیں ۔انہوں نے کہا کہ صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کا قومی پیداوار میں اضافے میں اہم کردار ہے جبکہ روزگار کے وسیع مواقع فراہم کرنے اور بلوچستان میں صنعت کے شعبے کوترقی اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے روشن امکانات ہیں۔جلد صوبے کے مختلف حصوں میں نئے صنعتی زونز کا قیام اولین ترجیح ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایات پربلوچستان کو دوسرے صوبوں کے برابر لانے کے وژن پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں۔
کوئٹہ سے مزید