کراچی(اسٹاف رپورٹر) انگلینڈ کے ہاتھوں دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم سیریز کو بچانے کیلئے منگل کو صوفیا گارڈن میں تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں منگل کو میدان میں اترے گی۔
صائم ایوب اور شاداب خان کی جگہ خطرے میں ہے۔انگلینڈ کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
کارڈف میں بارش کی پیش گوئی ہے اور میچ بارش سے متاثر ہوسکتاہے۔ پیر کو پاکستان ٹیم نے پریکٹس کی اور وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔
برمنگھم میچ کے پلیئر آف دی میچ اور کپتان جوش بٹلر میچ میں حصہ نہیں لیں گے توقع ہے کہ ان کی جگہ قیادت نائب کپتان معین علی کریں گے۔
ای سی بی کے مطابق انگلش کرکٹر بیٹے کی ولادت کی وجہ سے ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے پیر کو پریکٹس سیشن میں بھی حصہ نہیں لیا ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ وہ اوول میں آخری میچ کھیلیں گے یا نہیں۔
ورلڈ کپ میں انگلینڈ کی ٹیم پہلا میچ چار جون کو بارباڈوس میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔ توقع ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں صائم ایوب کی جگہ عثمان خان اور شاداب خان کی جگہ ابرار احمد کو شامل کیا جائے گا۔
دریں اثنا پریکٹس سیشن کے بعد پریس کانفرنس میں فاسٹ بولر حارث رئوف نے کہاکہ ٹیم کسی بھی حریف کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ جب میچ ہارتے ہیں تو دکھ ہوتا ہے مگر بطور ٹیم پُراعتماد ہے، جب بھی غلطیاں کرتے ہیں تو ان سے سیکھتے بھی ہیں۔ کوشش کریں گے اگلے میچز میں اچھا کھیلیں اور کم بیک کریں۔ کیمپ کا ماحول بالکل نارمل ہے اور اسی طرح انجوائے کررہے ہیں۔ میچ ہارتے ہیں تو دکھ تو ہوتا ہے، لیکن ہماری ٹیم کافی پر اعتماد ہے۔
حارث رؤف نے کہا کہ صائم ایوب اور اعظم خان نے ماضی میں ہمیں میچ جتوائے بھی ہیں، ان کی صلاحیتوں پر شک نہیں کرسکتے، ایک اننگز اچھی لگ گئی تو ان کی اچھی فارم واپس آجائے گی۔