سندھ ہائی کورٹ نے کے الیکٹرک کے بجلی کے بلوں میں میونسپل ٹیکس وصولی کے کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔
وکلاء کے دلائل سننے کے بعد جسٹس صلاح الدین پنہور نے کہا کہ عبوری فیصلہ آج ہی جاری کیا جائے گا۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ معاملہ کونسل میں لے جائیں گے تاکہ ازسرنو جائزہ لیا جائے۔
جسٹس صلاح الدین پنہور نے کہا کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے قرارداد منظور ہوجائے اور لوگوں کی رائے نہ آئے، بعض قراردادیں منظور ہو جاتی ہیں اور پارلیمان خاموش رہتی ہے۔
میئر کراچی نے کہا کہ کوشش کریں گے سو دو سو یونٹ تک والے صارفین پر میونسپل ٹیکس کا اطلاق نہ ہو۔
جسٹس صلاح الدین پنہور نے کہا کہ 10 ہزار روپے تک کے بل والوں کو تو استثنیٰ دیا جائے۔
جماعت اسلامی کے وکیل نے کہا کہ اپوزیشن کو اعتماد میں لیا جائے اور تمام ضابطوں کے مطابق کام کریں۔
جس پر میئر کراچی نے کہا کہ کمیٹی بناؤں گا اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر کام کروں گا۔