• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا: پاک بھارت میچ سے قبل دہشتگردی کی خبریں سامنے آنے لگیں

فائل فوٹو
فائل فوٹو

نیویارک میں پاک بھارت میچ کے لیے سیکیورٹی کا مسئلہ سر اٹھانے لگا، 9 جون کو ہونے والے ٹاکرے سے قبل دہشت گردی کے حملے کی خبریں سامنے آنے لگیں۔

نیویارک انتظامیہ نے دھمکیوں کے بعد پاک بھارت میچ کے لیے سیکیورٹی بڑھا دی ہے۔

دھمکی آمیز رپورٹس کے سامنے آنے کے بعد سیکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ ان رپورٹس کے حوالے سے ابھی کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔


پاک بھارت میچ کو دہشت گردی کا کوئی خطرہ نہیں

نیویارک گورنر آفس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ صورت حال پر نظر رکھی ہوئی اور انٹیلیجنس رپورٹ کے مطابق ابھی دہشت گردی کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔

نیویارک کی گورنر کیتھی ہوچول کا کہنا ہے کہ میں قانون نافذ کرنے والے حکام کے ساتھ مل کر اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہی ہوں کہ ایونٹ کسی ناخوشگوار واقعے کے بغیر مکمل ہو جائے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی تحفظ میری اولین ترجیح ہے اور ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہیں کہ کرکٹ ورلڈ کپ محفوظ اور یادگار ثابت ہو گا۔

دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھی اس حوالے سے بیان جاری کیا ہے اور کہا ہے کہ ایونٹ کے دوران تمام مقامات پر سیکیورٹی سخت ہو گی۔

ہمارے پاس جامع اور مضبوط سیکیورٹی پلان موجود ہے، آئی سی سی

آئی سی سی کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ سب کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اور ایونٹ کے لیے ہمارے پاس ایک جامع اور مضبوط سیکیورٹی پلان موجود ہے۔ 

ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم میزبان ممالک کے حکام کے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں اور عالمی منظر نامے کی مسلسل نگرانی اور جائزہ لیتے ہیں۔

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران نیو یارک میں ایک تنظیم کی جانب سے حملے کی دھمکی کی رپورٹس سامنے آئی تھیں۔

دہشت گرد گروپ نے حملوں کی دھمکی کے حوالے سے ویڈیو بھی جاری کی۔ 

کھیلوں کی خبریں سے مزید