• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا دورۂ چین، مصروفیات سامنے آگئیں

وزیرِ اعظم شہباز شریف---فائل فوٹو
وزیرِ اعظم شہباز شریف---فائل فوٹو

وزیرِ اعظم شہباز شریف کے دورۂ چین کی مصروفیات سے متعلق اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف 4 جون سے 8 جون تک چین کا دورہ کریں گے۔

اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف کا چینی شہر شینزین کا دورہ 4 اور 5 جون کو ہو گا جبکہ 6 سے 7 جون تک چین کے شہر بیجنگ کا دورہ کریں گے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف 8 جون کو چین کے شہر ژیان کا دورہ کریں گے اور 8 جون کو چین کا دورہ مکمل کر کے وطن واپس پہنچیں گے۔

وزیرِ اعظم دورۂ چین میں حکومتی عہدیداروں بالخصو ص چینی صدر ملیں گے، یہ دورہ سرمایہ کاروں کو پاکستان میں پُرامن اور قابلِ عمل ماحول دینے میں کردار ادا  کرے گا۔

اعلامیے کے مطابق دورے سے چینی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے راغب کرنے کا موقع ملے گا، وزیرِ اعظم کے دورے سے پاکستان اور چین کے درمیان دو طرفہ تجارت میں اضافہ ہو گا۔

وزیرِ اعظم کا دورہ پاک چین اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اور اہم قدم ہے، مضبوط کاروباری شراکت داریاں قائم کرنے سے دونوں ممالک کو طویل مدتی فوائد ملیں گے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کے چین کے دورے میں معروف ٹیک کمپنیوں تک رسائی ملے گی، وزیرِ اعظم شہباز شریف چین میں بڑے پیمانے پر کاروباری شراکت داری کے خواہاں ہیں۔

قومی خبریں سے مزید