پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 8 جون کو اسلام آباد میں جلسہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی زیرصدارت پارٹی قیادت کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں سیکریٹری جنرل عمر ایوب، اسد قیصر اور دیگر رہنما شریک ہوئے جبکہ اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بھی خصوصی شرکت کی۔
پی ٹی آئی نے اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے جلسہ کےلیے روات کا مقام مسترد کرتے ہوئے 8 جون کو روات کے مقام پر جلسہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
اعلامیے کے مطابق پی ٹی آئی ضلعی انتظامیہ کا اجازت نامہ عدالت میں چیلنج کرے گی۔ پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ انتظامیہ ایف نائن پارک، پریڈ گراؤنڈ یا ترنول کے مقام پر جلسے کی اجازت دے۔
اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ تحریک انصاف نے 8 جون کو روات کی بجائے سوات میں جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کی پوری قیادت جلسہ میں شریک ہوگی۔