لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں نجی گرلز ہاسٹل میں خفیہ کیمرے لگا کر لڑکیوں کی نازیبا ویڈیوز بنانے کے معاملے پر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
مقدمہ گرلز ہاسٹل میں رہائش پذیر لڑکی کے چچا کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، پولیس نے ہاسٹل خالی کروا لیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق خفیہ کیمرہ گرلز ہاسٹل کے واش روم میں انتظامیہ کی جانب سے لگایا گیا۔ جس سے لڑکیوں کی نازیبا ویڈیوز بنائی جا رہی تھیں۔
گرلز ہاسٹل میں مختلف شہروں کی 40 سے زائد طالبات رہائش پذیر تھیں۔ یہ ہاسٹل نجی سوسائٹی کا رہائشی اور اس کی بیوی چلا رہی تھی۔
پولیس کے مطابق گرلز ہاسٹل میں رہائش پذیر لڑکیوں کے بیانات قلمبند کر لیے ہیں۔ مقدمہ 7 ملزمان کے خلاف درج کیا گیا ہے، جو معاملہ سامنے آنے کے بعد فرار ہوگئے۔
ملزمان نے عدالت سے عبوری ضمانت کروالی ہے انہیں جلد شامل تفتیش کر لیا جائے گا۔