• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
سوشل میڈیا
سوشل میڈیا

ویٹی کن میں وزیر داخلہ اور پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے مسیحوں  کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس سے ملاقات کی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ویٹی کن میں پوپ فرانسس سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

پوپ فرانسس نے سانحہ جڑانوالہ کے بعد گرجا گھروں کی فوری تعمیر و مرمت کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام کے لیے میرا پیغام امن کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر امن کے لیے کام کرنا چاہیے، وزیراعظم کی جانب سے پاکستان کے دورے کی دعوت دی گئی ہے، پوری کوشش کروں گا کہ پاکستان کا دورہ کروں۔

پوپ فرانسس کا کہنا ہے کہ فلسطین کی صورتِ حال باعث تشویش ہے، روزانہ رات 7 بجے فلسطین میں فلاحی کاموں میں مصروف ورکرز سے بات کر کے اپ ڈیٹ لیتا ہوں، بین المذاہب ڈائیلاگ اور ہم آہنگی ہی مسائل کا حل ہیں۔

وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے فلسطین ایشو پر مؤثر مؤقف اپنانے پر پوپ فرانسس کا شکریہ ادا کیا۔

محسن نقوی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے آپ کی خدمات لائق تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم اور افواج کی قربانیوں کی نظیر نہیں ملتی۔

قومی خبریں سے مزید