وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ون بیلٹ ون روڈ صدر شی جن پنگ کا شاندار منصوبہ ہے، سی پیک ون بیلٹ ون روڈ کا حصہ ہے، سی پیک سے پاکستان میں بےپناہ ترقی ہوئی۔
چینی میڈیا گروپ کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دنیا میں امن قائم کیے بغیر ترقی اور خوشحالی ممکن نہیں۔ سی پیک منصوبوں کا پاکستان کی معاشی ترقی کے ساتھ چولی دامن کا ساتھ ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ تیل کے مقابلے میں کوئلہ سے سستی بجلی بنائی جا سکتی ہے، اللّٰہ تعالیٰ نے تھرکول کی صورت میں پاکستان کو بہت بڑا خزانہ دیا ہوا ہے، تھرکول کوئلہ سے بجلی سستی اور اربوں ڈالر کی بھی بچت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت پاکستان میں بے پناہ سرمایہ کاری پر چینی صدر کا شکرگزار ہوں، سی پیک نئے مرحلے میں داخل ہورہا ہے، بی ٹو بی اس کا سب سےاہم جزو ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ زراعت میں ہم چین کے تجربات سے مدد حاصل کرنا چاہتے ہیں، چینی کمپنیوں کے ساتھ زراعت کے شعبے میں معاہدے کیے جائیں گے، مجھے پوری امید ہے کہ چینی قیادت ہمارا پورا ساتھ دے گی۔