• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بانی پی ٹی آئی نے دوران قید 105 ملاقاتیں کیں، پارٹی امور بھی چلائے


بانی  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے جیل میں مختلف افراد سے اب تک نا صرف 105ملاقاتیں کیں بلکہ پارٹی امور بھی بھرپور طریقے سے چلائے، حتیٰ کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا سے سینیٹ کے امیدواروں کا فیصلہ بھی بانی پی ٹی آئی نے ہی کیا۔

 سپریم کورٹ میں جمع حکومتی تفصیلات کے مطابق دوران قید بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے والوں میں ان کے وکلاء اور اہل خانہ کے علاوہ دیگر افراد بھی شامل ہیں، ملاقاتوں کا یہ سلسلہ 28 ستمبر 2023 سے شروع ہوا، جو تاحال جاری ہے۔

ملاقات کرنے والوں میں عمران خان کے وکلاء، ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی، بہنیں اور کزن شامل ہیں۔

اس کے علاوہ گلگت بلتستان کے سابق وزیر اعلیٰ خالد خورشید اور موجودہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور بھی جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملے۔

سابق صدر مملکت عارف علوی، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم کے علاوہ شوکت خانم اور پمز اسپتال کے ڈاکٹروں اور متعدد سیاست دانوں نے بھی جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں کی ہیں۔

بانی پی ٹی آئی سے 28 ستمبر 2023 کو 6 افراد نے ملاقات کی، اکتوبر 2023 میں بانی پی ٹی آئی سے 43 افراد نے 12 ملاقاتیں کیں، نومبر 2023 میں 52 افراد نے 13 ملاقاتیں کیں۔

دسمبر 2023 میں بانی پی ٹی آئی سے 48 افراد نے 13 ملاقاتیں کیں، جنوری 2024 میں بانی پی ٹی آئی سے جیل میں 17 افراد کی 8 ملاقاتیں ہوئیں۔

فروری 2024 بانی پی ٹی آئی سے جیل میں 74 افراد نے 19 جبکہ مارچ 2024 میں بانی پی ٹی آئی سے 53 افراد نے 11 ملاقاتیں کیں۔

اپریل2024 میں بانی پی ٹی آئی سے جیل میں 54 افراد نے 15 ملاقاتیں کیں اور مئی 2024 میں 56 افراد نے بانی پی ٹی آئی سے جیل میں 13 ملاقاتیں کیں۔

قومی خبریں سے مزید