• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن کو منایا جائے، نوازشریف،اسحاق ڈار کو ٹی او آرز پر تحفظات دور کرنے کی ہدایت

 لاہور (نمائندہ جنگ) وزیراعظم نواز شریف نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو ہدایت کی ہے کہ وہ ٹی او آرز پر حکومت اور اپوزیشن کے مابین ایک بار پھر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کریں، یہ کوشش بھرپور اور نتیجہ خیز ہونی چاہئے۔ گزشتہ روز وفاقی وزراء اسحاق ڈار اور پرویز رشید نے رائے ونڈ میں انکے آفس میں تفصیلی ملاقات کی۔ باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ ٹی او آرز کے معاملے پر کوئی مسئلہ نہیں، اپوزیشن کی بات پوری طرح سن کر اسے منایا جائے۔ وزیراعظم نے کچھ نکات پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹی او آرز پر اتفاق رائے کی کوشش جلد شروع کی جائے تاکہ رکا ہوا کام دوبارہ شروع ہو سکے۔ نواز شریف نے الیکشن کمیشن کے نئے ممبران کی تقرری کے حوالے سے ہدایات بھی دیں اور کہا کہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سے اس معاملے پر مل کر ممبران کے تقرر کا کام جلد مکمل کر لیا جائے۔ اس ضمن میں انہوں نے بنیادی اصول بیان کرتے ہوئے کہا کہ ممبران صاف ستھرے اور اعلیٰ کردار کے حامل ہوں گے تو کوئی اعتراض نہیں کر سکے گا۔ اس طرح یہ کام آسان ہو جائے گا۔ صاف ستھرے کردار کے حامل ارکان مستقبل میں صاف ستھرے انتخابات کرانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ یہ جمہوریت کی مضبوطی اور بہتری کے لئے اہم کام ہو گا۔ بعدازاں آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے پرویز رشید نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی کامیابی ا ن انتخابات میں یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے آزاد کشمیر کی حکومت بوکھلاکر غنڈہ گردی پر اتر آئی ہے۔ پرویز رشید نے وزیراعظم کو آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کے رویئے سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے پرویز رشید کو ہدایت کی کہ صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں، آزاد کشمیر کے عوام کو مسلم لیگ (ن) کے تعمیر و ترقی کے ایجنڈے سے بھرپور انداز میں آگاہ کریں۔ ملاقات کے بعد اسحاق ڈار نئی ہدایات لیکر اسلام آباد روانہ ہو گئے۔ پرویز رشید نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس ملاقات کو اجلاس کہنا مناسب نہ ہو گا۔ 19 جولائی کو اپوزیشن کی جانب سے احتجاجی حکمت عملی کے اجلاس کے حوالے سے انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جب انکی حکمت عملی سامنے آئے گی تو ہم بھی اپنی حکمت عملی سامنے لائیں گے۔ خبر ایجنسیوں کے مطابق جاتی امرا رائیونڈ میں وزیراعظم نواز شریف کے زیر صدارت ایک مشاورتی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اسحاق ڈار ،شہبازشریف، پرویز رشید اور کابینہ کے ارکان نے شرکت کی۔ اس موقع پر نوازشریف نے کہا کہ پاناما لیکس سے متعلق ٹی او آرز پر تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے۔ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان دوریوں کو ختم کرنے کیلئے موثر لائحہ عمل طے کیا جائے۔ اجلاس میں وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ٹی اوآر کے معاملے پر مفاہمت کی ایک اور کوشش کی جائے۔
تازہ ترین