اسلام آباد (نمائندہ جنگ )وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اقتصادی اصلاحات کا عمل آئندہ دوبرس بھی جاری رہے گا،اصلاحاتی ایجنڈا وزیراعظم نوازشریف کا وژن ہے عمل کرکے اقتصادی ترقی کو مزید مستحکم کیا جائیگا۔ اپنے ایک بیان میں وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال میں بہت بہتری ہوئی ہے ،حکومت کو بہت سے سخت اور غیر مقبول فیصلے کرنا پڑے لیکن اسکے نتیجے میں میکرو اکنامک استحکام آیا اور ملک نے تین سال کے عرصے میں معاشی شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک کے اہم معاشی اداروں اسٹیٹ بنک آف پاکستان ، فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور سکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں اصلاحات کی گئیں جس سے ملکی معاشی صورتحال میں مثبت نتائج سامنے آئے۔ انہوں نے کہا کہ اصلاحاتی ایجنڈا پر عملدرآمد وزیر اعظم نواز شریف اور مسلم لیگ ن کا وژن ہے اور اس پر عمل کر کے ملک کی اقتصادی ترقی کو مزید مستحکم کیاجائیگا جس سے ملک میں روزگار کے مواقع پیدا ہونگے اور غربت میں کمی آئے گی۔