ایک ایسا گھر جس کی تعمیر میں مختلف انداز سے شیشے کو بطور تعمیراتی مواد استعمال کیا گیاہو جدید اور عالیشان طرز زندگی کا عکاس ہوتا ہے۔ اگر آپ اپنے گھر کو بھی لگژری لک دینے کے خواہشمند ہیں تو انٹیریئر میں شیشے کا دانشمندانہ استعمال کریں۔
شیشہ کسی بھی جگہ کو کشادہ دکھانے کا باعث بنتا ہے، یہی وجہ ہے کہ اسے گھر کے مختلف حصوں میں دیواروں پر لگایا جاتا ہے۔ تاہم دورِ جدید میں اس کا فرش کے مٹیریل کے طور پر استعمال کافی عام ہوتا جا رہا ہے۔
فرش کے لیے مواد کا انتخاب چونکہ گھر کی تعمیر و آرائش میں اہم مرحلہ گردانا جاتا ہے، لہٰذا اس کے بارے میں حتمی فیصلہ کرنے سے قبل سوچ بچار سے کام لینا چاہیے۔ تعمیراتی ماہرین مواد کے انتخاب کے حوالے سے ڈیزائن اور ٹرینڈز کو ملحوظ خاطر رکھنے کا مشورہ دیتے ہیں۔
لیکن اگر آپ چاہتے ہیں کہ فرش کو دیکھ کر مہمان آپ کے جمالیاتی ذوق سے بھی متاثر ہوں تو اس کے لیے گلاس فلورنگ کا انتخاب کیجیے اور اگر پورے گھر میں ایسا کرنا ممکن نہیں تو مختلف طریقوں سے گلاس فلورنگ پیسز کا اضافہ ضرور کیجیے۔
آج ہم قارئین سے کچھ مختلف فلورنگ آئیڈیاز پر بات کرنے جارہے ہیں، جو آپ کے انٹیریئر کوشاہانہ طرز فراہم کرنے میں مدد دیں گے۔
اسکینڈے نیویائی انداز
زیادہ تر تعمیراتی معمار مکینوں کو گلاس فلورنگ کے انتخاب کا مشورہ اس وقت دیتے ہیں جب گھر کی فضا میں ہلکے پھلکے اور ٹھنڈے ماحول کا قیام مقصود ہو۔ اس حوالے سے تعمیراتی ماہرین یورپی خطے اسکینڈے نیویا میں بنے نت نئے اور جدید اپارٹمنٹس کے ٹرینڈ کو بطور مثال پیش کرتے ہیں۔ اس خطے میں تعمیر کیے گئے گھروں میں بیڈروم اور ڈائننگ روم کے مرکزی حصے (ڈائننگ ایریا) کے لیے گلاس فلورنگ پیس کا انتخاب کیا جاتا ہے۔
تعمیراتی ماہرین کے مطابق لازمی نہیں کہ ڈائننگ ایریا کے تمام تر حصے میں گلاس فلورنگ کروائی جائے، اس کے برعکس صرف ڈائننگ ٹیبل ایریامیں گلاس فلورنگ کا انتخاب پورے گھر کو ایک نیا لک فراہم کرسکتا ہے۔ واضح رہے کہ ٹرینڈ کے تحت گلاس باکس کو المونیم فریم میں فکس کرکے زمین پر نصب کیا جاتا ہے۔
روایتی اور جدید انداز
ضروری نہیں کہ گلاس فلورنگ کا انتخاب صرف جدید طرز کے گھروں کے لیے ہی کیا جائے۔ اس کے برعکس، روایتی انداز سے بنے گھر کی تزئینِ نو کے دوران کسی ایک حصے میں گلاس فلورنگ کے ذریعے پورے گھر کو مختلف اور نئی طرز فراہم کی جاسکتی ہے۔ اس ٹرینڈ کو اپنانے کے لیے عام یا روایتی ڈیزائن اپنانے کے بجائے لیونگ ایریا میں شیشے کے فرش کو لکڑی اور پتھر کے امتزاج کے ساتھ خوبصورت بنائیے۔
گھر میں باغیچہ سے ملحقہ کمرہ میں اس ٹرینڈ کے تحت فرش بنوانا بہترین تصورکیا جاتا ہے۔ اس کمرے کی دیواروں کے لیے پتھر، فرنیچر کے لیے لکڑی اور فرش کے لیے شیشے کا انتخاب ایک اچھا تاثر دیتا ہے۔ گھر کے اس حصے میں بھی گلاس فلورنگ کے لیے المونیم پینل استعمال کیا جاتا ہے۔
دو منزلوں کو ایک دکھانا
اُوپر اور نیچے کی منزل کو ایک دوسرے سے منسلک کرنے کے لیے گلاس فلورنگ ایک بہترین آئیڈیاہے۔ اگر آپ بھی پہلی اور دوسری منزل کے کسی حصے میں کوئی باہمی ربط قائم کرنا چاہتے ہیں تو گلاس فلورنگ پیس کا انتخاب کیجیے۔ وہاں گلاس فلورنگ کا انتخاب بطور روشن دان (اسکائی لائٹس) کیا جاسکتا ہے۔ کسی خوبصورت اور جدید گھر میں تعمیر کروائی گئی اسکائی لائٹس کو دیکھیں تو آپ کو اندا زہ ہوگا کہ اس سے گھر کو کس قدر خوبصورتی عطا ہوتی ہے۔
آپ بھی دو کمروں (اُوپر لائبریری شیلف ایریا اور نیچے لیونگ روم) کو ایک دوسرے سے منسلک کرنے کے لیے نچلے حصے میں ایک ایسی ہی اسکائی لائٹس بنواسکتے ہیں۔ اُوپر منزل میں یہ فرش کا کام دے گی جبکہ نچلی منزل کے لیے روشن دان۔ واضح رہے کہ یہ خوبصورت ٹرینڈ راک اسٹار جسٹن بیبر نے بھی اپنے گھر میں بنوایا ہوا ہے۔
داخلی راستہ
داخلی راستہ (اینٹرنس ایریا) چونکہ کسی بھی گھر کا سب سے اہم حصہ تصور کیا جاتا ہے، لہٰذا وہاں گلاس فلورنگ کروانا بھی ایک اچھا خیال ہے۔ لازمی نہیں کہ یہاں بھی مکمل طور پر فرش کے لیے گلاس کا انتخاب کیا جائے، آپ صرف راہداری کے حصے میں بھی گلاس فلور پیسز لگواسکتے ہیں اور اپنے گھر کے انٹیریئر کوعالیشان انداز فراہم کرسکتے ہیں۔
داخلی راستے میں گلاس فلورنگ کے لیے چوڑائی کو مدِنظر رکھتے ہوئے شیشے کے چوکور پیسز نصب کیے جاتے ہیں۔ واضح رہے کہ ان پیسز کو فرش میں المونیم فریم کے بغیر نصب کیا جاتا ہے۔
فرش کیلئے لیمینٹ گلاس
گلاس فلورنگ کے لیے سب سے اہم کام اس کی دستیاب اقسام میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہے۔ عام طور پر گلاس فلورنگ کے لیے لیمینٹ گلاس ہی استعمال کیا جاتا ہے کیونکہ شیشہ زیادہ ٹکڑوں میں بکھرتا نہیں ہے اور اسے بآسانی محفوظ کرتے ہوئے لیمینٹ کرلیا جاتا ہے جبکہ شیشہ کی دیگر اقسام میں بڑے تیز ٹکڑے ہوتے ہیں۔ اگر آپ بھی اسی حوالے سے پریشان ہیں تو لیمینٹ گلاس کا انتخاب آپ کی یہ پریشانی دور کرسکتا ہے۔