گوجرانوالہ پولیس پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما صنم جاوید کا موبائل فون اور لیپ ٹاپ برآمد نہ کرسکی۔
گوجرانوالہ پولیس صنم جاوید کو موبائل فون اور لیپ ٹاپ کی برآمدگی کے لیے لاہور لے کر آئی لیکن دونوں چیزوں کی برآمدگی نہ ہوسکی۔
پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید 9 مئی کے واقعات میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے باعث ایک سال سے گرفتار ہے اور آج کل گوجرانوالہ پولیس کی تحویل میں ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق گوجرانوالہ پولیس اتوار کو انہیں موبائل فون اور لیپ ٹاپ کی برآمدگی کے لیے لے کر لاہور پہنچی۔
ذرائع کے مطابق صنم جاوید کو قیدی کی گاڑی میں دو پولیس موبائلز کے ہمراہ اچھرہ میں ان کی رہائش گاہ پر لایا گیا۔
ذرائع کے مطابق صنم کی موجودگی میں اُن کے گھر کی تلاشی لی گئی، موبائل فون اور لیپ ٹاپ نہ ملنے پر گوجرانوالہ پولیس انہیں لے کر واپس روانہ ہو گئی۔