پاکستان کرکٹ بورڈ نے اگلے سال پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول حتمی منظوری کے لیے آئی سی سی کو بھیج دیا ہے۔
شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ 19 فروری سے 9مارچ تک کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں منعقد ہو گا، بھارتی ٹیم اپنے تمام میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گی۔
فائنل سمیت 7 میچز لاہور میں ہوں گے جبکہ کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم افتتاحی میچ اور ایک سیمی فائنل کی میزبانی کرے گا، کراچی میں مجموعی طور پر 3 میچز ہوں گے۔
پنڈی 1 سیمی فائنل سمیت 5 میچوں کی میزبانی کرے گا۔
ایونٹ میں مجموعی طور پر 15میچز کھیلے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق قذافی اسٹیڈیم میں پی سی بی ہیڈ کوارٹر کی جگہ جدید کارپوریٹ باکسسز بنائے جائیں گے، پوری بلڈنگ کو نہیں گرایا جائے گا، ڈریسنگ روم حال ہی میں بنے ہیں وہ اپنی جگہ موجود ہوں گے۔
فضل محمود اور عمران خان انکلوژر میں تماشائیوں کی گنجائش بڑھائی جائے گی اور موجودہ انکلوژر کے پیچھے سے انکلوژر کو مزید اونچا کیا جائے گا۔
لاہور، کراچی اور پنڈی اسٹیڈیم میں نئی ڈیجیٹل اسکرین نصب کی جائیں گی۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کی عمارت کی حالت کو بہتر بنایا جائے گا اور اسکور بورڈ کے ساتھ یونیورسٹی اینڈ پر نیا میڈیا سینٹر تعمیر کیا جائے گا۔