• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فٹ بال کی بہتری کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھاؤں گا: محسن گیلانی

پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے نومنتخب صدر محسن گیلانی —فوٹو فائل
پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے نومنتخب صدر محسن گیلانی —فوٹو فائل

پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے نومنتخب صدر محسن گیلانی نے کہا ہے کہ ملک میں فٹ بال کا 10 سال میں جو حال ہوا ہے وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے۔

جنگ سے باتیں کرتے ہوئے سابق فیفا ڈیولپمنٹ آفیسر محسن گیلانی کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں اور کھیل کی بہتری کے لیے ہر ممکن اپنا کردار ادا کروں گا، جن لوگوں نے مجھے منتخب کرانے میں اپنا کردار ادا کیا ہے ان کی توقعات پر پورا اتروں گا، فیفا اور اے ایف سی کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے پاکستان میں فٹ بال کی بہتری کے لیے جو ٹاسک لیا تھا اسے پورا کیا اور ملک کو فٹ بال سے تعلق رکھنے والی بہترین قیادت کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ تمام منتخب ساتھیوں کو لے کر ساتھ چلیں گے، قومی فٹ بال کی 10 سالہ خرابی کا ازالہ چند ماہ میں ممکن نہیں۔

فٹ بال فیڈریشن کے انتخابات اور مستقبل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ فیفا نے پاکستانی فٹ بال کو بچانے کے لیے جو کردار ادا کیا ہے اس پر پوری پاکستانی فٹ بال برادری شکریہ ادا کرتی ہے، فٹ بال کے بنیادی سطح سے فیڈریشن کے انتخابات کا عمل بخیر و خوبی پورا ہوا، اب منتخب افراد آ گئے ہیں اور مل بیٹھ کر تمام امور طے کیے جائیں گے۔

محسن گیلانی نے کہا کہ ہم نے پاکستانی فٹ بال کے لیے پلان تیار کر لیا ہے، اب این سی جب پی ایف ایف کا انتظام ہمارے حوالے کر دے گی تو پر ہمارا کام شروع ہو گا۔ 

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں چار چیزوں پر فوکس کروں گا جن میں قومی ٹیم کی بہتری کے لیے اقدامات، ڈومیسٹک اسٹرکچر کی بہتری، ملک میں ہونے والے مقابلوں کو کیسے ترتیب دیا جائے اور ٹیکنیکل ڈپارٹمنٹ کو کیسے بہتر بنایا جاسکتا ہے شامل ہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید