لاہور ہائی کورٹ میں ہتکِ عزت قانون کے خلاف دائر درخواست پر اعتراض عائد کر دیا گیا۔
ہائی کورٹ آفس نے درخواست گزار کو قانون کی مصدقہ کاپی لگانے کی ہدایت کر دی۔
ہائی کورٹ آفس بطور اعتراضی درخواست سماعت کے لیے مقرر کرے گا۔
درخواست جعفر بن یار نے ندیم سرور ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی۔
درخواست گزار نے ہتکِ عزت قانون کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کر رکھی ہے۔
درخواست میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب، گورنر پنجاب اور پنجاب حکومت کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ ہتکِ عزت قانون آئین اور قانون کے خلاف ہے، ہتکِ عزت ایکٹ کی موجودگی میں نیا قانون نہیں بن سکتا۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل پنجاب اسمبلی سے منظور ہونے والا ہتکِ عزت بل قانون بن گیا، قائم مقام گورنر ملک محمد احمد خان نے بل پر دستخط کیے تھے۔
گزشتہ دنوں صحافتی تنظیموں کے تحفظات اور اپوزیشن کے احتجاج کے باوجود پنجاب اسمبلی میں ہتکِ عزت بل 2024ء منظور کر لیا گیا تھا۔